ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے فوج طلب کرلی گئی ٹائیگر فورس کا کیا ہوا؟ وزیراعظم کوتنقید کاسامنا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) معروف صحافی بے نظیر شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے لیے فوج کو طلب کرلیا تو ٹائیگر فورس کا کیا ہوا،فوج کیا لوگوں کو زبردستی ماسک پہنائے گی۔عمران خان لاک ڈاؤن لگانا نہیں چاہتے تو نہیں لگائیں لیکن اتنا ضرور بتا دیں کہ عوام کے لئے کروناویکسین کہاں ہے۔جب کہ سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے کہا کہ ہم خیراتی اور مفت خورے ہیں ،کوروناویکسین بھی خیرات میں ڈھونڈ رہے ہیں، ایک طرف کورونا ہے تو دوسری طرف بھوک ہے،لاک ڈاؤن نہیں ہونا چاہیے ورنہ یہ قوم بھوک سے مر جائیں گی۔

سینیئر صحافی مظہر عباس نے کہا کہ حکومت لاک ڈاؤن کرے یا نہ کرے یہ بتائیں کورونا کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے، سب کو پتہ ہے کہ کورونا کی کی نئی لہر برطانیہ سے آرہی ہے لیکن ایئرپورٹ پر چیکنگ کے اقدامات نہیں کیے گئے ،لوگوں میں احساس ذمہ داری نہیں ہے، رینجرز یا پولیس یا فوج کچھ نہیں کرسکتی۔حکومت اور انتظامیہ فیصلے پر عمل درآمد کروانے میں مکمل ناکام رہی، لوگ پولیس والوں کو خوش کر کے مقررہ وقت سے زیادہ دکانیں کھول کر بیٹھے ہوئے ہیں۔دوسری جانب کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں پرہجوم مقامات پر فوج تعینات کردی گئی۔فوجی جوان کورونا کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کی عکس بندی کررہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیمیں بھی فوج کے ساتھ ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوجی اہلکاروں نے پولیس اور انتظامیہ کے ہمراہ مختلف علاقوں اور شاپنگ اسٹورز کا دورہ کرکے وہاں موجود گاہکوں اور دکان داروں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے بھی پاک فوج کی خدمات مانگ لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پاک فوج کی 5 کمپنیوں کی خدمات مانگی گئی ہیں تاکہ پاک فوج کے جوان ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر ایس او پیز پر عملدرآمد کروائیں۔پاک فوج طلب کرنے کےلئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا جس نے منظوری دے دی ہے۔ فوجی جوان لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ سمیت 5 اضلاع میں تعینات ہوں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button