ملک بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا، کوئٹہ دھماکہ کیسے ہوا، شیخ رشید نے حقائق بتادیئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو نقصان پہنچانا تھا۔ ملک بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ دھماکا خود کش تھا۔خودکش حملہ آور گاڑی میں بیٹھا رہا جبکہ 60 سے 80 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں دہشت گردی کو شکست دیں گے،حملوں کی پہلے سے اطلاع دی تھی ، سمجھ رہے تھے کہ کوئٹہ میں امن ہو گیا ہے۔ایف سی کی بہت سی چیک پوسٹیں پولیس کے حوالے کی ہیں۔

چاہتے تھے تمام ایف سی کو کوئٹہ سے نکالیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔شیخ رشید نے چینی سفیر کی سرینا ہوٹل میں موجودگی کے حوالے سے کہا کہ چینی سفیر ہوٹل میں موجود نہیں تھے وہ گزشتہ کئی دنوں سے کوئٹہ میں ہیں۔آج بھی اپنے شیڈول کے مطابق ملاقات کر رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت 22 سیکیورٹی ادارے ہیں جن کو ہائی الرٹ کا کہہ دیا ہے۔ہم چوکس ہیں۔ دہشتگردوں کو شکست ہوگی اور انشاءاللہ رمضان المبارک کا امن سے گزرے گا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی چوک کے قریب زرغون روڈ پر نجی ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 15 زخمی ہوئے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نصیب ﷲ، پولیس اہلکار شجاعت عباسی، ہوٹل سیکورٹی گارڈ اسد ﷲ، شفٹ منیجر شاہ زیب اور محکمہ جنگلات کا ملازم ایمل کاسی کے ناموں سے ہوئی ۔ زخمیوں میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ اعجاز احمد ،اسسٹنٹ کمشنرجعفر آباد بلال شبیر ،عطاء اللہ ،راجہ طاہر، عرفان ،عبدالحمید،محمدنور، وزیر ،بلال قادر،خدابخش ، مزمل خان شامل ہیں۔۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دھماکے میں پولیس اہلکاربھی زخمی ہوئے ۔ دھما کے کے وقت ہوٹل میں چینی سفیر موجود نہیں تھے ، چینی سفیر خیریت سے ہیں۔ دوسری جانب ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرام نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے دھماکے میں 40 سے 50 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button