پیپلزپارٹی نے آج قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا، اجلاس میں فرانسیسی سفیر کی قرار داد پیش کی جائے گی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی نے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے بارے میں قرارداد کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرلیا۔حکومت کی طرف سے آج قومی اسمبلی میں فرانس کا سفیر نکالنے کی قرارداد لائی جارہی ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی آج اجلاس میں شریک نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے کچھ ارکان کی رائے تھی کہ اجلاس میں اپنا موقف رکھنے کے بعد بائیکاٹ کیا جائے لیکن بیشتر ارکان کی رائے کے پیش نظر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پی پی پی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق ارکان اسمبلی کو بذریعہ فون کال آگاہ کردیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی اس سارے معاملے سے غیر جانبدار رہے گی۔اپنے ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت نے گلیوں میں جاری پرُتشدد احتجاج کے خلاف کارروائی کی، لوگ مارے گئے اور 500 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹی ایل پی پر پابندی لگائی گئی اورانٹر نیٹ بند کیا گیا۔ وزیراعظم نے صورتحال پر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا۔ اب پی ٹی آ ئی قومی اسمبلی کے پیچھے چھپ رہی ہے۔ وزیراعظم یہ آپ کا کیادھرا ہے، خود نمٹیں یا گھر جائیں۔دریں اثنا پیپلز پارٹی نے آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت اورکالعدم تحریک لبیک پاکستان کے معاملات درمیان طے پا گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں آج فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک لبیک مسجد رحمت اللعالمین سمیت ملک بھر سے دھرنا ختم کرے گی۔مقدمات ختم کیے جائیں گے اورجن کے نام شیڈول فور میں ہیں انہیں نکالا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ تفصیلی بیان آج شام یا کل دوپہر پریس کانفرنس میں دیا جائے گا۔گزشتہ روز کالعدم تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) نے یرغمال بنائے گئے11 پولیس اہلکاروں کو چھوڑا تھا۔ ٹی ایل پی والے مسجد رحمتہ اللعالمین چلے گئے تھے اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button