یتیم خانہ چوک میں جوکچھ ہو رہا، اس پرآنکھیں بند نہیں کی جاسکتیں، علما ءکرام سے تعاون کی اپیل

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرصحافی اور تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہا ہے کہ یتیم خانہ چوک میں جوکچھ ہو رہا، اس پرآنکھیں بند نہیں کی جاسکتیں، طاقت کے اندھے استعمال سے کوئی مسئلہ حل ہوا ہے نہ ہوگا، تشدد اور خونریزی رکوانے کیلئےعلمائے کرام کا تعاون حاصل کیا جائے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ لاہور کے یتیم خانہ چوک پر جو کچھ ہو رہا ہے اس پر آنکھیں بند نہیں کی جاسکتیں۔طاقت کے اندھے استعمال سے کوئی مسئلہ حل ہوا ہے نہ ہوگا۔ تحریک لبیک کے ذمہ داروں سے بات چیت کر کے آگے بڑھا جائے۔ علمائے کرام کا تعاون حاصل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحیم ڈاکٹر سرفراز اعوان مولانا عبدالخبیر آزاد اور مولانا راغب نعیمی سے حکومت مشاورت کرے۔مولانا طاہر اشرفی بھی تشدد اور خونریزی کو رکوانے کے لئے متحرک ہوں۔وقت ضائع نہ کیا جائے۔دوسری جانب لاہورکے علاقے یتیم خانہ چوک میں کشیدہ صورتحال سے متعلق پنجاب پولیس کا موقف سامنے آگیا ہے، ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ صبح صبح ایک شر پسند گروہ نے تھانہ نواں کوٹ پر حملہ کر دیا جہاں رینجرز اور پولیس کو پھنسا کر انہوں نے ایک ڈی ایس پی کو اغوا کر لیا اور انہیں کالعدم تنظیم کے مرکز لے جایا گیا ، اس کے علاوہ شدت پسندوں نے تقریباً 50 ہزار لٹر پٹرول سے بھرا ایک آئل ٹینکر بھی اپنے مرکز پہنچایا جہاں سے شر پسندوں نے رینجرز اور پولیس پر پٹرول بم پھینکے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس نے شر پسندوں کو پیچھے دھکیلنے اور پولیس اسٹیشن کا قبضہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ایکشن لیا یہ سب کچھ سیلف ڈیفنس میں کیا گیا بصورت دیگر آج مدرسہ یا مسجد کے خلاف کسی بھی قسم کے آپریشن کا کوئی منصوبہ نہیں تھا ، جو کچھ بھی کیا گیا یہ اپنے دفاع اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button