وزیراعظم کا مذہبی جماعت کے مظاہروں کو روکنے پر پولیس فورس کو خراج تحسین

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے مذہبی جماعت کے مظاہروں کے دوران فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ منظم اور پرتشدد مظاہروں کو روکنے پر پولیس فورس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔حکومت کو بلیک میل کرنے اور بےچینی پھیلانے کی منظم کوشش کی گئی۔احتجاج کے دوران 4 پولیس اہلکار شہید اور 600 زخمی ہوئے۔ہماری قوم ان ہیروز کی مقروض ہے۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہم شہدا کے لواحقین کی دیکھ بھال کریں گے۔

مذہبی جماعت کے کارکنوں کا احتجاج ملک کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔جس کے پیش نظر ٹریفک کا نظام درہم برہم تہا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دو روز قبل مذہبی سیاسی جماعت کے دھرنے اور احتجاج کے دوران ملک کے کئی شہروں میں جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، سرکاری اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ احتجاج کی وجہ سے کئی مریض اسپتال نہ پہنچ سکنے کی وجہ سے راستے میں ہی دم توڑ گئے اور اسپتال میں موجود مریضوں کو آکسیجن کی بروقت فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج اور دھرنوں سے متعلق وزارت داخلہ نے رپورٹ جاری کی۔وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے 2 ہزار 135 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ 1669 افراد پنجاب میں گرفتار کیے گئے۔جبکہ سندھ میں دو سو اٹھائیس افراد کو گرفتار کیا گیا۔اسلام آباد سے 45 اور خیبر پختونخواہ سے ایک سو ترانوے افراد کو گرفتار کیا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button