سعد رضوی کی حمایت، سابق ڈی جی آئی ایس آئی حمید گل کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری پر امن و امان کی صورتحال حال خراب کرنے کے جرم میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل حمید گل کے بیٹے عبداللہ گل کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل کے خلاف ایف آئی آر تھانہ ائیر پورٹ راولپنڈی میں انچارج چوکی گلریز کے سب انسپکٹر محمد عمر کی مدعیت میں درج کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق عبداللہ حمید گل نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کہا کہ میں اپنی تحریک نوجوانان پاکستان موومنٹ کو کال دوں گا

کہ سعد رضوی میرا بھائی ہے اور میں اس کی گرفتاری کی مذمّت کرتا ہوں۔ایف آئی آر کے متن میں مزید کہا گیا کہ عبداللہ حمید گل نے کہا اگر سعد رضوی کو رہا نہ کیا گیا تو میں اپنی تحریک اس میں شامل کر دوں گا اور آپ دیکھیں گے کہ دما دم مست قلندر ہوگا۔پولیس نے مذکورہ ویڈیو کو بھی بطور ثبوت ضبط کرلیا ہے اور ایف آئی آر میں کہا کہ عبد اللہ نے جوانان پاکستان موومنٹ کے ذریعے ریاست کو دھمکی دے کر نفرت کو ابھار کر انارکی اور تشدد کی فضا پیدا کی۔سعد رضوی کی رہائی کا مطالبہ کر کے عبداللہ حمید گل نے حالیہ جاری احتجاج اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے کی روش کو مزید تقویت دے کر جرم کا ارتکاب کیا ہے جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔پولیس نے عبداللہ حمید گل کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کیا۔اس کے علاوہ بھی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق 150کے قرین افراد کی قیادت کرنے والے مذکورہ افراد اسلحہ ، آہنی راڈوں ، آہنی مکوں اور ڈنڈوں سے لیس تھے جنہوں نے پنجاب پولیس کے کانسٹیبل کواغوا کر کے اس کی وردی پھاڑ دی اور اس پر تشدد کرتے رہے اور سائوند سسٹم پر نعرے لگاتے رہے کہ اسے مار دو اس دوران مشتعل افراد نے جی ٹی روڈ کو بھی بلاک کئے رکھا اسی طرح دیگر تھانوں میں بھی اسی قسم کے مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں دریں جمعرات کے روز راولپنڈی سمیت تمام ملھقہ سڑکوں پر لگی رکاوٹیں ہٹالی گئیں جس سے ٹریفک کے علاوہ تمام معمولات زندگی معمول پر آگئے تاہم جڑواں شہروں کے سنگم فیض آباد فلائی اوور کے علاوہ اہم داخلی و خارجی راستوں پر ایف سی ، رینجرز اور پولیس موجود رہی ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button