پی ٹی آئی حکومت کو نیا وزیر خزانہ مل گیا ، جانتے ہیں کس شخصیت کو وزارت سونپ دی گئی؟

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت میں ایک مرتبہ پھر وزرا کےقلمدانوں میں تبدیلی کردی گئی اور تقریباً پونے 3سال کے عرصے میں چوتھا وزیر خزانہ مقرر کردیا گیا ہے۔دفترِ وزیر اعظم سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شوکت فیاض احمد ترین کو وفاقی وزیر برائے وزارتِ خزانہ و ریوینو کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ فواد چوہدری کو دوبارہ وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان دینے کی بھی تصدیق کردی گئی۔دوسری جانب سے فواد چوہدری نے بھی ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم نے کابینہ میں تبدیلیاں کی ہیں اور ساتھ ہی ان کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔

حالیہ ردو بدل کے نتیجے میں حماد اظہر کو وزارت توانائی کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔حماد اظہر سے وزارت خزانہ کے علاوہ وزیر صنعت و پیداوار کا قلمدان بھی واپس لے کر خسرو بختیار کو وزیر صنعت و پیداوار بنادیا گیا ہے جبکہ سینیٹر شبلی فراز اب سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت سنبھالیں گے۔علاوہ ازیں سابق وزیر توانائی عمر ایوب کو وزیر اقتصادی امور مقرر کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ کابینہ میں ردِو بدل کی اطلاعات کافی عرصے سے زیر گردش تھیں اور گزشتہ روز سینیٹر فیصل جاوید نے ایک ٹوئٹر پیغام میں فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات ملنے کی مبارکباد بھی دی تھی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی دورِ حکومت میں اس سے قبل اسد عمر، حفیظ شیخ اور حماد اظہر وزیر خزانہ کا منصب سنبھال چکے ہیں، ان میں سب سے مختصر عرصے کے لیے یہ ذمہ داری حماد اظہر کے حصے میں آئی جنہیں 29 مارچ کو ہی وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ وزارت خزانہ کا منصب اسد عمر سے لے کر عبدالحفیظ شیخ کو سونپا گیا تھا جو کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں وزیر نجکاری کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں وزیر خزانہ رہے تھے۔حالیہ پیش رفت میں حماد اظہر سے وزارت خزانہ کی ذمہ داری لے کر شوکت ترین کو سونپی گئی ہے اور وہ بھی پیپلز پارٹی کے دور میں وزیر خزانہ کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی طرح شوکت ترین بھی رکنِ پارلیمنٹ نہیں ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button