نواز شریف کا پیپلز پارٹی کے ساتھ چلنے سے انکار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر پیپلزپارٹی کیساتھ چلنے سے انکار کر دیا اور کہا ہے کہ شوکاز نوٹس کا جواب آئے گا تو بات آگے بڑھے گی،شوکاز نوٹس پھاڑنے سے معاملے طے نہیں ہوا کرتے ، اقوام متحدہ میں بھی ایک قرار داد پھاڑی گئی تھی،اصل معاملے کا جواب چاہیے جس کے بغیر آگے ایک ساتھ چلنا مشکل ہو گا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا پیپلز پارٹی کوپی ڈی ایم کی جانب سے شوکاز نوٹس اس لئے دیا گیا کہ انہوں نے باپ کے سینیٹرز کو ملا کر سینیٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر بنوایا، جس بارے سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا، پیپلزپارٹی کا ایسا عمل سب کیلئے حیران کن تھا، پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کا جواب آنا بہت ضروری ہے ۔

یاد رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اورپاکستان پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس بھیجے گئے تھے جس کے بعد اے این پی نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے لا تعلقی کے فیصلے پر مرحلہ وار عملدرآمد شروع کر دیا، سینیٹر شیری رحمن ،راجہ پرویز اشرف اور قمرالزمان کائرہ کے پی ڈی ایم عہدوں سے استعفے مولانا فضل الرحمن کو بھجوا دیئے۔پیپلز پارٹی کا پی ڈی ایم عہدوں سے استعفوں کا معاملہ، چیئرمین بلاول بھٹو کی تحریری منظوری کے بعد پیپلز پارٹی نے استعفے مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر بھجوا دیئے۔ سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری کے ذریعے استعفے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر پہنچائے گئے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button