پرویز شوکت کی قیادت میں آر آئی یو جے ورکرز کے وفد کی وفاقی وزیرفواد چوہدری سے ملاقات

اسلام آباد (وہاب علوی سے) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایف یو جے ورکرز اور آر آئی یو جے ورکرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز پرویز شوکت کی قیادت میں آر آئی یو جے ورکرز نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات کی۔ملاقات میں صدر آر آئی یو جے ورکرز یاسر شیخ، جنرل سیکرٹری عاطف شیرازی، سینئرجوائنٹ سیکرٹری ثاقب سلیم قریشی، جوائنٹ سیکرٹری وہاب علوی، ممبر ایگزیکٹو باڈی میاں سمیع،

شاہ رخ شفیع، محمد معین خان، نعمان سلہری، کوآرڈینیٹر احمد فراز اور عبید ابرار خان شامل تھے۔پرویز شوکت نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی حالت زار، میڈیا ہائوسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی، چھانٹیوں سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ صدر پی ایف یو جے ورکرز نےفواد چوہدری سے کہا کہ حکومت نے پیمرا کو ان میڈیا ہائوسز کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار پیمرا ترمیمی بل میں دینے کا فیصلہ کیا تھا جو اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کرتے۔پی ایف یو جے ورکرز اور اس سے ملحقہ تنظیموں نے گہری تشویش کا اظہار کیا کہ سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر اس بل کو مسترد کردیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا حکومت اس ترمیمی بل کو دوبارہ سینیٹ میں لائے اور بل کو منظور کیا جائے تاکہ تنخواہوں کی ادائیگی کا میکنزم بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام صورتحال وزیراعظم عمران خان کے نوٹس میں لانا ضروری ہے کہ اپوزیشن صحافیوں کے حقوق کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے یقین دہانی کرائی کہ آپ کے مطالبات وزیراعظم عمران خان کے نوٹس میں لائے جائیں گے اور میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز سے بھی بات کروں گا کہ وہ آپ کے مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل بنائیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button