عمران خان 4اپریل کو براہ راست عوام کے سوالات کے جواب دیں گے

اسلام آباد (نیوز دیسک) وزیراعظم عمران خان 4 اپریل کو براہ راست عوام کے سوالات کے جواب دیں گے ، اس مقصد کے لیے ٹیلی فون لائنز اتوار کی سہ پہر 3 بجے کھول دی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر فیصل جاوید نے لکھا کہ آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ کی دوسری نشست میں عوام وزیراعظم عمران خان سے 4 اپریل کوفون پر براہ راست بات کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ 4 اپریل بروز اتوارآپ کے سوالات اور وزیراعظم کے جوابات ہوں گے ، سوالات کے لیے عوام اس نمبر پر 9224900-051 رابطہ کرسکیں گے ،

جب کہ ٹیلیفون لائنز اتوار کی سہ پہر 3 بجے کھول دی جائیں گی۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان چند روز قبل ہی عالمی وباء کورونا وائرس سے مکمل طور پر صحت یاب ہوئے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان بالکل صحت یاب ہو گئے ہیں اور انہوں نے سرکاری مصروفیات کا آغاز کردیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے بعد نیشنل اوا انٹرنیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے جزوی طور پر سرکاری امور سرانجام دینا شروع کر دیے ہیں۔یاد رہے کہ کورونا کی تیسری لہر نے ملک کے سربراہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا اور وزیراعظم عمران خان کورونا کا شکار ہو گئے تھے ، وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آ گیا ہے جس کے بعد وزیراعظم نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ، تاہم چند روز قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے آئسولیشن کے دوران ہی محدود سرکاری سرگرمیاں شروع کردی تھیں ، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ایک اجلاس ہوا ، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز ، معاون خصوصی زلفی بخاری ، پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید اور یوسف بیگ مرزا شریک ہوئے ، اس دوران وزیراعظم عمرا ن خان نے اہم حکومتی امور پر اجلاس کے شرکا کو ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button