راولپنڈی کےاہم بازارمیں خوفناک آتشزدگی، کئی دوکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) راولپنڈی کے قدیم اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی کے باعث متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں واقع اردو بازار میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اردو بازار میں آگ کی اطلاع ملتے ہی دکاندار اور مقامی افراد بڑی تعداد میں وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کاموں میں حصہ لینا شروع کردیا،اسی اثنا میں واسا ٹیمیں بھی متاثرہ جگہ پہنچی اور آگ پر قابو کے لئے کوششوں کا آغاز کیا۔امدادی ٹیموں کے مطابق آگ اردو بازار کی تین منزلہ عمارت میں لگی،

آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق خوفناک آتشزدگی کے باعث کم وبیش بیس دکانیں جل کر خاکستر ہوچکی ہیں جبکہ متعدد دکانیں ابھی بھی آگ کی لپیٹ میں ہیں، واسا کے دس سے زائد واٹر ٹینکر آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ریسکیو ٹیموں نے آگ کی شدت کے پیش نظر متعدد دکانوں کو خالی کرالیا ہے اور لوگوں کی آمدورفت کو بھی محدود کردیا ہے، تاحال آتشزدگی کے باعث ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔واضح رہے کہ اردو بازار سے متصل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی بھی ہے، تاہم آتشزدگی کے باعث عمارت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔سوشل میڈیا پر اردو بازار میں لگی خوفناک آتشزدگی کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں، وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ نے بڑے پیمانے پر دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button