نوازشریف سے درخواست کی ہے ورزش کرتے بھی تصویر شیئرکریں،لیگی رہنما
لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قائد نوازشریف ورزش بھی کرتے ہیں، ہم نے نوازشریف سے درخواست کی ہے کہ اپنی ورزش کرتے ہوئے ایک تصویر جاری کریں، جس دن نواز شریف کی ورزش کر نے والی تصویر آگئی، اس دن جو کمی رہ گئی ہے وہ بھی دور ہوجائے گی۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزراء سر پر ہاتھ رکھ کر پیٹ رہے تھے، لیکن حلف نامے کے دو جملے پڑھ کر سرپکڑ کر بیٹھے ہیں۔یہ کبھی مجرم ، کبھی بھگوڑا کبھی بھاگ گیا، یہ کہہ کرتسلی دے رہے ہیں۔ وزیرصحت یاسمین راشد اور حکومت نے میاں
نوازشریف سے درخواست کی باہر جاکر علاج کروالیں۔یاسمین راشد نے کہا کہ میاں نواز شریف واقعی بیمار ہیں، وہ پاکستان میں ڈاکٹرزبلا لیں یا بیرون ملک چلے جائیں۔نوازشریف کو جب بھیجا گیا تو حکومت کہنے لگی گارنٹی بانڈز دے کر جائیں لیکن نوازشریف نے دوٹوک کہا کہ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، بالکل بانڈز نہیں دوں گا، پھر عدالت نے بانڈز کی شرط بھی ختم کردی۔اب نوازشریف باہر ہیں،وہ اپنے علاج کے ساتھ ساتھ ان کا بھی علاج کررہے ہیں۔نوازشریف نے کافی پیتے تصویر بھیج دی، اب چہل قدمی کی تصویر آگئی ہے۔ اب چند روز حکومتی وزراء سرپیٹیں گے اور دیواروں میں ٹکریں ماریں گے، کیونکہ نواز شریف ڈاکٹرز کی ہدایت پر روزانہ صبح ہلکی ورزش بھی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف ورزش بھی کرتے ہیں، ہم نے نوازشریف سے درخواست کی ہے کہ اپنی ورزش کرتے ہوئے ایک تصویر جاری کریں، جس دن نواز شریف ورزش کر نے والی ویڈیو آگئی، اس دن جو کمی رہ گئی ہے وہ بھی دور ہوجائے گی۔پروگرام میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہاکہ نوازشریف کی صحت پر گمراہ کیا گیا، شہباز شریف نے بڑے بھائی نوازشریف کی ضمانت دی تھی۔