مہنگائی میں کمی اور پاکستانی معیشت کے اچھے دن شروع! وزیراعظم نے شانداراعلان کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی اور معیشت کے اچھے دن آنے والے ہیں، ماہ رمضان میں پناہ گاہوں میں سحروافطار کا انتظام کیا جائے، رمضان ہر چیز کی نگرانی میں خود کروں گا، عوامی مفاد کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالا میں اجلاس ہوا۔جس میں مہنگائی اور عوامی مفادات سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلی حکومت ہے جو مافیا کے سامنے کھڑی ہوئی ہے۔ سٹہ باز، قبضہ اور شوگرمافیا نے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا،

عوام کے مفاد کو جو بھی نقصان پہنچائے گا اسے نہیں چھوڑیں گے۔ پاکستانی معیشت کے اچھے دن آنے والے ہیں۔آئندہ دنوں میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں نے یورو بانڈز میں اعتماد کا اظہار کیا۔ سال کے آخر تک پورے پنجاب میں صحت کارڈ فراہم کر دیں گے۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ رمضان میں پناہ گاہوں میں سحراورافطار کا انتظام کیا جائے۔ رمضان میں ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے۔ رمضان ہر چیز کی نگرانی میں خود کروں گا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ مارچ 21 میں 460 ارب کی وصولیوں کیساتھ 41 فیصد کی تاریخی نمو حاصل کرنے پر میں ایف بی آر کی کاوشیں سراہتا ہوں۔جولائی2020 سے مارچ 2021 کے دوران ہماری وصولیاں 3380 ارب کی سطح تک پہنچیں جو گزشتہ برس کے اسی دورانیے سے 10 فیصد زیادہ ہیں۔ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ملنے والی وسیع البنیاد معاشی بحالی کے یہ واضح آثار ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو خطے میں کورونا کی تیسری لہر کے پھیلاؤ اور پاکستان میں کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔وزرائے اعلیٰ اور حکام نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ صوبوں کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے انتظامیہ اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ کورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد سے متعلق عوام کو متحرک کیا جائے۔

کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے بھرپور آگاہی مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ ہماری حکمت عملی کا محور غریب عوام کو وباء کے منفی اثرات سے بچانا اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button