ماسک پہنو، ورنہ جیل کی ہوا کھاؤ، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پرپہلا مقدمہ درج

لاہور(نیوز ڈیسک)کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیوں کا آغاز، ماسک نہ پہننے پر لاہور میں پہلا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف سخت کارروائی اور مقدمہ درج ہوگا ۔ تاہم شہریوں کی جانب سے لاپرواہی کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ماسک نہ پہننے پر پہلی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ملک بھر کی طرح لاہور میں کورونا مریضوں کی تعداد میں پانچ روز کے دوران تشویشناک حد تک اضافے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور

پولیس کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف متحرک ہوگئی، اسلام پورہ کے علاقے میں پولیس گشت کے دوران ماسک نہ پہننے پر شہری محمد جاوید کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس کے مطابق ایف آئی آر پنجاب وبائی امراض کنٹرول آرڈیننس 2020 کی دفعات کے تحت درج کی گئی۔کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے حوالے سے سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر کا کہنا ہے کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی، کارروائیوں کو مانیٹر کرنے کیلئے مشترکہ کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ لاہور کے 27 علاقوں میں2 ہفتے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ان علاقوں میں جوہر ٹاؤن، پی آئی اے سوسائٹی، این ایف سی سوسائٹی،پریس کلب سوسائٹی، ڈی ایچ اے، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ،اسٹیٹ لائف سوسائٹی، بنکرز سوسائٹی، شاہدرہ، علامہ اقبال ٹاؤن، گلشن راوی کے علاقے شامل ہیں۔ ان علاقوں میں شاپنگ مالز، دفاترز، اور کاروباری مقامات بند رہیں گے۔ مزید برآں کمشنر لاہور محمد عثمان کی زیرصدارت کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کروانے سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں سی سی پی او لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایس اوپیز اور ماسک پہننے پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف کاروائی کی جائے گی ایسے افراد کو پکڑ کرتھانے میں بند کر دیا جائےگا،

جبکہ ماسک نہ پہننے پرمقدمہ درج کیا جائے گا اور 6 ماہ کی قید ہوسکتی ہے۔ فیصلے پر آج ہی لاہور میں عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سڑکوں پرمامور رہے گی اور کورونا کی خلاف ورزیوں پرکارروائیاں کی جائیں گی۔ پبلک مقامات پر کورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button