وزیر اعظم عمران خان نے تسلی کرکے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی تھی، احسن اقبال
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے تسلی کرکے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی۔نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت عدالت نے دی، حکومت برطانیہ کو بھی کہا گیا کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بھیج رہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت سمجھتی ہے آئی سی یو میں داخل شخص ہی مریض کہلاتا ہے، افسوس کی بات ہے حکومت نان ایشوز پر سیاست کررہی ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ سینیٹر حاصل بزنجو کینسر کے مریض تھے ،2روز قبل تندرست تھے اور انتقال کرگئے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے تمام اسپتال بند رہے ہیں
جبکہ لندن میں کورونا کے دوران اسپتالوں میں ایمرجنسی کی حالت تھی۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو کہا ہے بند کمرے کے بجائے چہل قدمی کیا کریں ، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف علاج کے بعد ہی وطن آسکیں گے۔احسن اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی صحت پر بھی سیاست کی گئی، بعد میں منہ چھپاتے پھر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ فیٹف سے متعلق قانون سازی سینیٹ میں مسترد ہوئی، ہم نے فیٹف سے متعلق قانون سازی کی مخالفت نہیں کی۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ فیٹف کے نام پر حکومتی اختیارات کے غلط استعمال کا خدشہ تھا، ہمیں خدشہ تھا جیسے نیب کا استعمال ہورہا ہے ایسے فیٹف کا نہ ہو۔