کراچی کو مشکل کی گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑینگے، وزیراعظم
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے گورنرسندھ سے کراچی میں حالیہ بارشوں پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے ہدات کی کہ ریلیف آپریشن تیز کیا جائے اور پانی میں پھنسے لوگوں کوکھانا پہنچایا جائے، مشکل کی گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنرسندھ عمران اسماعیل کو فون کیا ہے، جس میں وزیر اعظم نے گورنر سے بارشوں کی صورتحال اور لوگوں کے مسائل سے متعلق معلوم کیا۔وزیراعظم عمران خان نے صوبہ سندھ میں حالیہ بارشوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے گورنر سندھ کو کراچی میں ریلیف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پانی میں پھنسے لوگوں کوفوری کھانا پہنچانے کا بندوبست کیا جائے۔ ادھر کراچی میں موسلا دھار بارش نے شہر کے بیشتر علاقوں کو ڈبو دیا، شاہراہیں، گلیاں، بازار ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے، شہر کے بیشتر علاقے کمر کمر تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ موٹر سائیکلیں، گاڑیاں، منہ زور پانی کے رحم پر کرم پر ہیں۔ بیشتر علاقوں کے مکینوں نے گھر کی چھتوں پر پناہ لے رکھی ہے۔ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر کے قریب بھاری کنٹینروں کو پانی میں تیرتا دیکھ کر شہری حیران ہو گئے۔ شہریوں کی کنٹینرز کو مصروف شاہراہوں سے ہٹانے کی کوشش بے سود رہی۔ ملیر، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، پی ای سی ایچ سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔اورنگی ٹاؤن، نیو کراچی، لائنز ایریا، پی آئی بی کالونی، ملیرسٹی رفیع گارڈن میں بتی گل ہے۔ محمودآباد، منظورکالونی، لیاقت اشرف کالونی سمیت دیگر علاقے بھی متاثر ہیں۔ کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے متعدد فیڈرز حفاظتی اقدامات کے تحت بند کئے گئے۔