سعودی عرب کے اہم شہر میں خوفناک آتشزدگی
جدہ (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں رواں سال آتش زدگی کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ روز جدہ کے ایک علاقے میں بھی آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث لاکھوں ریال کے کپڑے جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔ سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق جدہ کے علاقے المحجر میں واقع کپڑے کے ایک گودام میں آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیگر گوداموں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی عملہ جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔ تاہم آگ کے پھیل جانے کی وجہ سے اس پر قابو پانے میں خاصی دُشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گھنٹے کی تگ و دو کے بعد
بالآخر آگ پر قابو پا لیا گیا۔ گوداموں میں لگنے والی آگ کے باعث کپڑے کے ہزاروں تھان جل گئے۔خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فرنیچر والے گودام میں بیشتر اشیاء لکڑی کی ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی ۔ فرنیچر کے گودام کے ساتھ ہی گاڑیوں کے پارٹس کا گودام تھا جہاں مختلف قسم کا آئیل اور ربڑ کی اشیاء ہونے کی وجہ سے فائر فائٹرز کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ متاثرہ گوداموں میں آگ اس قدر ہولناک تھی کہ اس سے بلند ہونے والے شعلوں کو میلوں دور سے دیکھا جاسکتاتھا جبکہ آگ کی تپش بھی دور تک محسوس کی جارہی تھی ۔شہری دفاع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم مزید تحقیقات کے لیے متاثرہ گوداموں کو پولیس اور تحقیقاتی اداروں کے حوالے کر دیا گیا جو آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے بعد اپنی رپور ٹ پیش کریں گے ۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں عام طور پر لوگ گیز اور ہیٹر کا استعمال زیادہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے آ گ لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے ۔لوگوں کو چاہئے کہ ہیٹر استعمال کرنے سے قبل تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں جبکہ بجلی کے گیزر کی بھی چیکنگ کرتے رہیں تاکہ کسی مشکل صورتحا ل سے دوچار نہ ہوں ۔