نواز شریف وطن واپسی کا فیصلہ کرچکے، لیگی رہنما نے تصدیق کردی
لاہور (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے ایم این اے جاوید لطیف نے انکشاف کیا ہے کہ نواز شریف بیرون ملک اپنا علاج مکمل کرائے بغیر وطن واپس آنے کا فیصلہ کرچکے ہیں جبکہ ن لیگ یہ چاہتی ہے وہ اپنا علاج مکمل کراکر وطن واپس آئیں۔دنیا نیوز کے پروگرام آن دی فرنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے 20 کروڑ عوام ان کی و طن واپسی چاہتے ہیں ، جب ان کی اہلیہ کلثوم نواز لندن میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا تھیں تومیاں نواز شریف عوامی تقاضوں کے پیش نظر اپنی اہلیہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر اپنی بیٹی
سمیت وطن واپس آگئے تھے اور گرفتاری پیش کردی تھی ۔ جاوید لطیف نے مزید کہا کہ اس ملک کے بعض نیشنل اور انٹر نیشنل بہی خواہ یہ کہتے ہیں کہ نواز شریف جیسا تجربہ کار سیاستدان ہی اس ملک کو بحران سے نکال سکتا ہے ،پی ٹی آئی کی ایم این اے ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے حکم پر نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک بھیجا گیا۔ اس وقت ایسا ماحول بن گیا تھا کہ اگر عمران خان نواز شریف کو علاج معالجہ کے لئے بیرون ملک نہ بھیجتے تو ان کی خرابی صحت کا سار ا الزام پی ٹی آئی حکومت پر آتا۔