اراکین قومی اسمبلی کے سامنے الیکشن کمیشن کا عملہ بے بس،کرونا ایس او پیزکی کھلی خلاف ورزی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے جاری پولنگ کے دوران ریٹرننگ افسر کی جانب سے مسلسل ہدایات کے باوجود اراکین ہدایات پر عمل نہیں کررہے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن کا عملہ بے بسی کا اظہار کررہا ہے. وزیر اعظم عمران خان ایوان میں آئے تو انہوں نے ماسک بھی نہیں پہن رکھا تھا بتایا جارہا ہے کئی حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی حکومت کی جانب سے بنائے گئے کرونا ایس او پیزکی پرواہ نہیں کررہے.ریٹرننگ افسر کی جانب سے ووٹ ڈالنے والوں کو ایوان سے باہر جانے کی مسلسل ہدایات کے باوجود تمام اپوزیشن اور حکومتی اراکین ایوان میں

موجود ہیں جن کی اکثریت نے ماسک پہن رکھے ہیں اور نہ ہی وہ ایس اوپیزپر عمل کررہے ہیں اراکین قومی اسمبلی ایک دوسرے سے گلے مل رہے ہیں ہاتھ ملا رہے ہیں. وزیراعظم کی آمد پر حکومتی اراکین کی جانب سے ڈیسک بجائے گئے جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے جئے بھٹو کے نعرے لگائے گئے۔واضح رہے کہ بڑے ایوان کیلئے بڑا مقابلہ آج ہورہا ہے،سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے،پولنگ شام 5بجے تک جاری رہے گی ،سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اوروزیرخزانہ حفیظ شیخ کےدرمیان اصل مقابلہ ہے۔سینیٹ انتخابات کیلئےمیدان سج گیا،ایوان بالا کی37نشستوں پرپولنگ کا آغاز 9بجےشروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔سینیٹ کے انتخابات کیلئے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیاں پولنگ اسٹیشن میں تبدیل ہوچکی ہیں اور الیکشن کمیشن کے اسٹاف نے اسمبلیوں کا کنٹرول سنبھال رکھا ہے۔قومی اسمبلی کے عملے کا ایوان میں داخلہ بند کردیا گیا ہے اور ہال میں الیکشن کمیشن کا عملہ یا ارکان ووٹر داخل ہو سکتے ہیں جبکہ میڈیا کے بھی پریس گیلری میں فون لے جانے پر پابندی عائد ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button