پنجاب میں کورونا وائرس کی دوسری لہر، طبی ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجادی
لاہور(نیوز ڈیسک )پنجاب میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ماہرین صحت ایک بار پھر پنجاب میں کورونا کی دوسری لہر کے بارے میں خبردار کیا ہے۔کیونکہ محرم کے دوران احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔شعبہ صحت کے سینئر افسر کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے لاہور،راولپنڈی اور گجرانوالہ کے 17 علاقوں اور مقامات پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جس میں 12لاہور میں،3راولپنڈی میں اور دو گجرانولہ کے مقامات کی نشاندہی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مائیکرو لاک ڈاؤن کے تحت لاہور کے 17 مقامات میں 19 ہزار 538 افراد کو
پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔جب کہ راولپنڈی میں 947 اور گجرانوالہ میں 53 افراد کو چند پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔حکومت پنجاب نے عید الاضحیٰ کے بعد صوبے میں 59 ہزار 815 افراد کی اسمارٹ سیمپلنگ کی۔ان میں سے 95 فیصد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جو وائرس کی منتقلی کا بہت معمولی تناسب ظاہر کرتاہے۔اسمارٹ سیمپلنگ کے دوران لوگوں سے شاپنگ مارکیٹس اور مختلف برادریوں کے ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے گئے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق مارکیٹوں سے 34 ہزار 282 افراد کے نمونے لیے گئے، شاپنگ پلازوں سے 4 ہزار 810، سیاحتی مقامات سے 5 ہزار 953، ہوٹلوں سے 2 ہزار 255، ریستورانٹس سے 2 ہزار 18، مزارات سے 684، پولیو/صحت سے متعلق رضاکاروں سے 4 ہزار 658، سرکاری افسران سے 3 ہزار 968 اور مجالس، جلوسوں سے ایک ہزار 180 نمونے لئے گئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا کے 450 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں کورونا کیسز کی تعداد2 لاکھ 93 ہزار 711 تک جا پہنچی ہے۔ فعال کیسزکی تعداد 9 ہزار 31 ہے اور صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار 425 ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا سے مزید 9 اموات ہوئیں جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 6ہزار 255 ہو گئی۔ سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 456 ہو گئی، دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں 96 ہزار 391 ، کے پی میں 35796، بلوچستان میں 12560، اسلام آباد میں 15531 ، آزاد جموں و کشمیر 2257 اور گلگت بلتستان میں 2720 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 24 ہزار 231 ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں اب تک 24 لاکھ 87 ہزار 744 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ اسپتالوں میں کوروناوینٹی لیٹرزکی تعداد 1920 ہے جن میں سےایک ہزار 128 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں اور 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے سہولیات ہیں۔