شدید دھند کے باعث خوفناک ٹریفک حادثہ، 19کاریں اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے

ابوظبی(نیوز ڈیسک) یو اے ای گزشتہ چند روز سے خوفناک دُھند کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ کم ہو جانے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگرچہ اس دُھند کی وجہ سے کچھ معمولی حادثات پیش آتے رہے ہیں تاہم آج صبح یہ دُھند موت کا پیغام بن گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق آج صبح ابوظبی میں المفرق کے علاقے میں متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ، جس کے باعث ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔کچھ زخمیوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ ابوظبی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ

رات سے لے کر صبح تک دُھند پڑ جانے سے متعدد علاقوں میں سڑکوں پر حدِ نگاہ بہت کم رہ گئی تھی۔ اس دھند کے دوران المفرق کے علاقے میں 19 گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر تباہ وبرباد ہو گئیں جن میں کاریں اور ٹرک بھی شامل تھے۔اس خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے اور 8 زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے عملے نے ہسپتال میں منتقل کر دیا ہے۔19 گاڑیوں کے ایک ہی مقام پر ٹکرانے کی خبر ملتے ہی پولیس اور دیگر طبی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ موقع پر ایک شخص کی موت کی تصدیق ہو گئی، جبکہ 8 افراد زخمی حالت میں پڑے تھے، جنہیں فوری طور پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ حادثہ دُھند کے دوران حدِ رفتار کی پابندی نہ کرنے کے باعث پیش آیا ۔ڈرائیورز کی جانب سے خراب موسم کے دوران حدِ نگاہ محدود ہونے کے باوجود اگلی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ نہ رکھنا بھی ایک اہم وجہ ہے۔ ابوظبی پولیس کی جانب سے تمام ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال جاننے کے بعد ہی سفر کریں۔ اگر زیادہ ضروری نہ ہو تو گھروں پر ہی قیام کرنا بہتر رہے گا۔ رات 12 بجے سے صبح 9 بجے تک کئی علاقوں میں شدید دُھند پڑ رہی ہے، اس دوران انتہائی محتاط ڈرائیونگ کی جائے۔ مقرر کردہ رفتار سے زیادہ گاڑی تیز نہ چلائی جائے۔ اگلی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ رکھا جائے۔ سڑکوں پر نصب احتیاطی تدابیرکے بورڈز پر پوری طرح عمل کیا جائے۔ ہازرڈ گاڑیوں کا استعمال انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں ہی کیا جائے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button