واٹس ایپ کی نئی پالیسی سے پریشان پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، پاکستان نے اپنی میسجنگ ایپ تیار کرلی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) معروف میسجنگ سروس واٹس ایپ کی نئی پالیسی پر صارفین کے تحفظات سامنے آئے تو پاکستان نے خود واٹس ایپ کی طرز کی ایپلی کیشن تیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان نے واٹس ایپ کی طرز پر اپنی سوشل میڈیا اپیلی کیشن ’اسمارٹ آفس‘ تیار کرلی ہے، نئی ایپ تجربات کے مراحل سے گزر رہی ہے، پہلے مرحلے میں یہ سرکاری افسران و ملازمین اسمارٹ آفس کی ایپ استعمال کریں گے۔امین الحق نے جیونیوز سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ توقع ہے کہ جون 2021 تک ’اسمارٹ آفس‘ کے نام سے ایپلی کیشن لانچ

کردیں گے تاہم یہ آزمائشی بنیادوں پر ہوگی، اسی طرز کی دوسری ایپلیکیشن کسی دوسرے نام سے عام پاکستانی صارفین کے لیے بھی لانچ کریں گے، نئی ایپ کا ڈیٹا، کمیونی کمیشن اور رکارڈ مکمل محفوظ ہوگا۔امین الحق نے کہا ہے کہ صارفین کے تحفظات پر ’پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل‘ تیار کر لیا گیا ہے جسے قانونی شکل دے کر فوری کابینہ کو بھجوایا جائے گا، نئے بل میں تمام بین الاقوامی قواعد اور سوشل میڈیا کمپنیوں کی پالیسیوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کو قانونی شکل دینے کے لیے وزارت قانون کو بھجوا رہے ہیں، پرسنل پروٹیکشن بل میں پرائیویسی اور معاشی تسلسل کو برقرار رکھنے کے نکات بھی شامل کر رہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اعلامیے کے مطابق واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی 8 فروری سے لاگو ہوگی، جس کا مقصد صارفین کیلئے خریداری کے عمل کو آسان بنایا جانا ہے۔یہ بھی کہا گیا کہ نئی پالیسی سے واٹس ایپ پر براہ راست کسی بھی کاروبار سے مدد حاصل کرنا ممکن ہوسکے ہے، اس اپ ڈیٹ سے دوستوں یا فیملی کے ساتھ بات چیت میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ اب بھی محفوظ ہے، فیس بک کے ساتھ تحفظ اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے سے صارفین اپنے واٹس ایپ کے تجربات دوسرے منصوبوں کے ساتھ مربوط رکھ سکتے ہیں۔پی ٹی اے کے مطابق نئی پالیسی واٹس ایپ پر براہ راست خریداری کرنے اور کاروبار سے براہ راست فائدہ اٹھانے میں معاون ثابت ہوا ہے، جس سے کاروباری کام منٹوں میں سرانجام دینے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button