بجلی کا کریک ڈائون مسلم لیگ ن کی وجہ سے ہوا، پی ٹی آئی رہنما

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر نے بجلی کے بریک ڈاؤن کا ذمہ دار مسلم لیگ ن کو قرار دے دیا۔ انہوں نے بجلی کے بریک ڈاؤن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا میں پاور سسٹم کا بریک ڈاؤن ہوتا ہے امریکہ، کینیڈا،برطانیہ میں بھی بریک ڈاؤن ہوتا ہے وہاں تو لوٹ مار تک شروع ہوجاتی ہے ہمارے ہاں تو ایسا نہیں ہوتا ۔ہمایوں اختر نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کوئی کل تو نہیں بنا، یہ سالہا سال سے چلا آرہا ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پرالزام عائد کرنا سراسر غلط ہے۔

مسلم لیگ ن نے پاور جنریشن پربہت زیادہ توجہ دی لیکن انہوں نے ٹرانسمیشن پر کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ بھاشا ڈیم کا ماضی میں افتتاح تو ہوتا رہا لیکن کام عمران خان نے شروع کیا ہے۔اپوزیشن اتحاد سے متعلق بات کرتے ہوئے ہمایوں اختر نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم ہمیں آنکھیں دکھا رہی ہے تو ان کا جواب ہم نے ضرور دینا ہے ۔ واضح رہے کہ ہفتے کی رات بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50 سے 0 پر آنے کی وجہ سے ملک بھر میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہوا۔ پاورڈویژن کے مطابق فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی گئی۔ بلیک آؤٹ کے بعد تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو تی رہی تاکہ ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا. پاور ڈویژن نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد،لاہور،کراچی،کوئٹہ اور پشاور سمیت تقریبا ملک کے تمام بڑے شہروں میں بجلی کی بندش ہوئی۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کراچی میں گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، بفرزون، لیاقت آباد، تین ہٹی، ایف بی ایریا، سرجانی ٹاؤن اختر کالونی، لیاری سمیت کئی علاقوں میں رات گئے بجلی منقطع ہوگئی اور اندھیرا چھا گیا تھا، اسی طرح لاہور میں بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئیں جس سے تقریباً پورا شہر اندھرے میں ڈوب گیا، بریک ڈاؤن کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یارخان، بہاولپور، کوئٹہ اور پشاور میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جس نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا تھا ، تاہم کچھ گھنٹے بعد ہی ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بحالی شروع ہو گئی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button