ملک بھر میں چینی کے بعد گھی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے

لاہور (نیوز ڈیسک)ملک میں چینی کے بعد گھی کی قیمتوں میں بھی شدید اضافہ ہو گیا ہے۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں مختلف برانڈز کی گھی کی فی کلو قیمت میں 20 سے 40 روپے فی کلو تک کا اضافہ ہوگیا اور ایک کلو گھی کی قیمت 220 روپے سے بڑھ کر 240 اور 265 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ مل مالکان اور ڈیلرز نے مارکیٹ میں فراہمی کم کرکے قیمتیں بڑھائی ہیں جبکہ لاہور میں دو تین روز سےگھی کی سپلائی نہیں دی جارہی ہے۔واضح رہے کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ گنے کی فی من قیمت 270 سے 300 روپے تک پہنچ چکی ہے،

جس کے باعث چینی کی قیمت ایک بار پھر 100 روپے کلو سے اوپر جانے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے نام خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومتی احكامات کے مطابق اس سال کرشنگ عمومی تاریخ (30 نومبر) سے 15-20 روز قبل شروع کی گئی، جس کے نتیجہ میں گنے سے کی جانے والی ریکوری انتہائی کم رہی اور ملک تقریبا 3 لاکھ ٹن چینی سے محروم ہوا۔خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ گنے کی خرید و فروخت میں مڈل مین کو دخل اندازی کی اجازت قطعا نہیں دی جائے گی، اور 200 روپے فی من گنے کی قیمت یقینی بنائی جائے گی تا کہ عوام کو چینی 75 روپے فی کلو کے مناسب ریٹ پر دستیاب ہو۔شوگرملز نے شکایت کی ہے کہ حکومتی یقین دہانی کے کے بر عکس تمام صوبوں کے کین کمشنرز مڈل مین کا کردار ختم کرانے میں مکمل ناکام رہے ہیں، جس کے باعث گنے کی فی من قیمت 270 سے 300 روپے تک پہنچ چکی ہے، نتیجتا چینی کی قیمت ایک بار پھر 100 روپے کلو سے اوپر جانے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button