سانحہ مچھ، انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کی تیاریاں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے کہا ہے کہ سانحہ مچھ پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں ، جاں بحق کان کنوں کے ورثا کے مطالبات مان لیے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے پہلے دن سے ہی دھرنے کے شرکا کے مطالبات تسلیم کرلیے تھے ، جب کہ صوبائی حکومت سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے بھی غافل نہیں ہے ، اسی لیے سانحہ مچھ پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں۔یہاں واضح رہے کہ حکومت نے مچھ میں کان کنوں کے قتل کے واقعے کیخلاف احتجاجی متاثرین کے تمام مطالبات منظور کرلیے ،

جس کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کردیا ، جب کہ لواحقین نے میتوں کی تدفین کی اجازت دے دی ، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ مظاہرین اور حکومت کے درمیان میتوں کی تدفین پر معاملات طے پا گئے جس کے بعد شہداء کے لواحقین نے میتوں کی تدفین پر رضا مندی ظاہر کردی اور دھرنا بھی ختم کردیا ۔شہداء ایکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ حکومت نے ان کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں جس کے بعد شہداء ایکشن کمیٹی اور لواحقین نے تمام شہداء کی میتوں کی تدفین کا فیصلہ کیا ، شہداء ایکشن کمیٹی کے رکن کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر علی زیدی کا خصوصی شکریہ ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ، وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزراء کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری بات مانی، ہمارے تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں ۔اس موقع پر حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن وفاقی وزیر بحری امور سید علی زیدی نے کہا کہ آج تک حکومتوں نے وعدے کئے، تحریری معاہدہ کسی نے نہیں کیا، ہم نے شہداء ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ، ذمہ داران افسران کو ہٹا دیا گیا ، مچھ واقعے پر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی اس کے ساتھ ہی ہائی لیول کمیشن تشکیل دیا گیا ہے، وزیر داخلہ بلوچستان ،2اراکین بلوچستان اسمبلی ،2سینئر افسران کمیشن کا حصہ ہوں گے، جب کہ ڈی آئی جی رینک کا پولیس آفیسر کمیشن کا حصہ ہو گا، کمیشن ہر ماہ ملاقات کرے گا اور کارکردگی کا جائزہ لے گا ، وفاقی اور صوبائی ادارے بلوچستان کے سیکیورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کمیٹی قائم کی جائے گی ، شہدا کے وارثا کو بلوچستان حکومت نوکری فراہم کرے گی، وزارت بحری امور شہدا کے بچوں کی تعلیم کا خرچ ادا کرے گی اور یہ اعلان میں اپنی وزارت کی طرف سے کررہا ہوں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button