کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھانے لگا، پنجاب میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون لگانے کا فیصلہ
لاہور(نیوز ڈیسک) دوبارہ کورونا پھیلنے کے خدشے کے باعث پنجاب میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن پنجاب کے مختلف علاقوں میں لگایا جائے گا۔مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن دو ہفتوں کے لیے لگایا جائے گا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جس گھر سے کورونا کا کیس نکلے گا اسے سیل کر دیا جائے گا۔17 اگست کو پشاور میں بھی مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔ پشاور میں کورونا دوبارہ پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے باعث انتظامیہ نے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔ 20 اگست کو شائع رپورٹ کے
مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 513 نئے کیسز، 8 اموات رپورٹ ہوئیں۔این سی اوسی کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 513 نئے کیسز، 8 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 958تک اور مجموعی اموات کی تعداد 6209 پہنچ گئی، صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 72 ہزار 804 ہو گئی، ملک میں فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 945 ہے۔این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 60، پنجاب میں مریضوں کی تعداد 95 ہزار 800 رپورٹ، کے پی میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 35468، بلوچستان میں تعداد 12403، اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 15425، آزاد جموں و کشمیر 2219، گلگت میں 2583 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 670 ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں اب تک 23 لاکھ 63ہزار 752 ٹیسٹ ہو چکے، ملک بھرکے ہسپتالوں میں 133 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں،اس وقت 1 ہزار 216مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔