محمد حفیظ کی جارحانہ بیٹنگ، بڑااعزاز اپنے نام کرلیا

نیپئر (نیوز ڈیسک ) قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ رواں سال ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بلے باز بن گئے۔ 40 سالہ محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں 41 رنز سکور کیے جس کے ساتھ ہی وہ رواں سال زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے، حفیظ نے رواں سال 8 اننگز میں 83 کی اوسط اور 152.57 کے سٹرائیک ریٹ سے 415 رنز سکور کیے جس میں 4 نصف سنچریاں شامل تھیں۔بھارت کے لوکیش راہول نے رواں سال ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 10 اننگز میں 404 رنز بنائے، انگلینڈ کے ڈیوڈ مالان 10 اننگز میں 397

رنز بنا کر تیسرے جب کہ نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز ٹم سائیفرٹ 10 اننگز میں 352 رنز سکور کرکے چوتھے نمبر پر رہے۔ یاد رہے کہ 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدر علی اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور 40 رنز کا آغاز فراہم کیا، پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت پہنچا جب مارٹن گپٹل کی جگہ متبادل فیلڈر کی حیثیت سے میدان میں موجود مچل نے کور پوائنٹ پر حیدرعلی کا شاندار کیچ لیا، انہوں نے 11 رنز بنائے۔محمد رضوان کا ساتھ دینے محمد حفیظ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کیلئے عمدہ شراکت قائم کی۔ محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کیساتھ ساتھ حفیظ کے ہمراہ 72 رنز کی شراکت بھی قائم کی،پاکستان کی دوسری وکٹ اسوقت گری جب حفیظ 41 رنز بناکر پویلین لوٹے، رضوان نے عمدہ کھیل جاری رکھتے ہوئے سکور آگے بڑھایا لیکن فہیم اشرف اور شاداب خان یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر ٹم ساؤتھی کو وکٹ دیکر چلتے بنے، رضوان 59 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ،آخری اوور کی چوتھی گیند پر میں افتخار احمد نے جیمیسن کو چھکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔پاکستان کی فتح کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم سیریز 1-2 سے جیتنے میں کامیاب رہی۔ پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرنیوالی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے 40 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ مارٹن گپٹل نے حارث رؤف کو چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر

فاسٹ باؤلر نے انہیں لانگ آف پر کھڑے کپتان شاداب خان کی مدد سے چلتا کردیا۔ اگلے ہی اوور میں باؤلنگ کیلئے آنیوالے فہیم اشرف نے کپتان کین ولیمسن کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو دوسری کامیابی دلوائی۔پچھلے مقابلے کے مین آف دی میچ ٹم سائیفرٹ اس میچ میں بھی جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور تین چھکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 35 رنز بنائے جس کے بعد فہیم اشرف نے ان کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔ سکور 109 تک پہنچا تو شاہین آفریدی نے اپنے دوسرے سپیل کی پہلی گیند پر 31 رنز بنانے والے گلین فلپس کی وکٹ لی جبکہ فہیم اشرف نے جیمز نیشم کو آؤٹ کر کے پاکستان کو 5ویں کامیابی دلائی۔

سکاٹ کگلیجن نے ایک چھکے اور چوکے کی مدد سے 14 رنز بنائے انہیں شاہین شاہ آفریدی نے چلتا کردیا۔ ڈیون کونوے نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر 63 رنز بنائے جس کے بعد وہ حارث رؤف کی وکٹ بنے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 3 وکٹوں کیساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے،شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو شکار کیے ۔یاد رہے کہ نیپیئر میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی کے لیے پاکستان نے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں اور وہاب ریاض کی جگہ محمد حسنین، عماد وسیم

کی جگہ افتخار احمد اور عبداللہ شفیق کی جگہ حسین طلعت کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم پہلے ہی سیریز ہار چکی ہے اور قومی ٹیم کو کلین سویپ سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔ نیوزی لینڈ نے سیریز کے ابتدائی دونوں ٹی ٹونٹی میچوں میں پاکستان کو آسانی سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔میچ کے لیے پاکستانی ٹیم شاداب خان(کپتان)، محمد حفیظ، حیدر علی، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، محمد حسنین، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ٹم سائیفرٹ(وکٹ کیپر)، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، کائل جیمیسن، اش سودھی، سکاٹ کگلیجن، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button