متحدہ عرب امارات کی قیادت کو بتا دیا ، اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انہوں نے یو اے اے کی قیادت کو بتادیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران انہوں نے ابوظہبی ،شارجہ اور دبئی میں پاکستانیوں کے مشکلات پر بات کی، پاکستانیوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے ویزوں کا مسئلہ عارضی ہے، متحدہ عرب امارات یا سعودی عرب بھارت کو پاکستان پر فوقیت نہیں دیتے، بہت جلد عرب امارات کی قیادت پاکستان کادورہ کرے گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے

عرب امارات قیادت سے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بات کی، اسرائیل کے بارے میں عرب امارات کا موقف بھی سنا اور اسرائیل سے تعلقات کے بارے میں واضح موقف پیش کیا، ہمیں کسی کے دباؤ پر نہیں پاکستان کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنے ہیں، اسرائیل سے متعلق نہ تو ہم دباوَ برداشت کریں گے اور نہ ہی ہم پر کوئی پریشر ہے، میں نے واضح کردیا کہ فلسطین اور مسئلہ کشمیرپر ہمارا موقف دنیا پر عیاں ہے، مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل سے تعلق نہیں رکھیں گے۔قبل ازیں نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مسلسل سیزفائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ایل او سی پر یو این آبزرور کی گاڑی پر حملہ انتہائی تشویشناک ہے،امن برقرار رکھنے والوں پو فائرنگ بہت بڑا جرم ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور پاکستان نے اس کی درخواست کی ہے۔وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فی الفور اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے اور اگر بھارت نے کوئی غیر ذمہ دارانہ حرکت کی تو اسے بروقت اور مناسب جواب ملے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن سے پورا خطہ مستفید ہو گا۔ آج دنیا افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہ رہی ہے اور افغانستان میں صورتحال بہتر ہونے سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا اور پاکستان سمیت اردگرد کے علاقائی ممالک کیلئے معاشی استحکام کے نئے راستے کھلیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشرقی سرحد پر بگاڑ کی ذمہ داری بھی بھارت پر عائد ہوتی ہے جبکہ اقلیتوں

کیلئے امتیازی قوانین بھارت نے بنائے ہیں اور بھارت اپنے منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے امن عامہ میں بگاڑ پیدا کرنے کے درپے ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نئی اطلاعات کو دنیا کے سامنے رکھیں تھنک ٹینکس کے ساتھ شیئر کریں۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی گزشتہ کئی دہائیوں سے مقیم ہیں۔ دبئی کے فرمانروا اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے کردار کو نہ صرف تسلیم کیا بلکہ سراہا بھی ہے۔ پی ڈی ایم کی صفوں میں عملی طور پر استعفوں کے معاملے پر بہت ابہام ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button