جاوید میانداد نے سخت تنقید کے بعد وزیراعظم سے معافی مانگ لی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق کرکٹر جاوید میانداد نے سخت تنقید کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان سے معافی مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق سابق کپتان اور اسٹار بیٹسمین جاوید میانداد نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی تھی۔اور متنبہ کیا کہ میں آپ کاکپتان تھا آپ میرے کپتان نہیں تھے،میں سیاست میں آئوں گا اور بتاؤں گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے، عمران خان کو چلانے والا میں تھا،میں نے ہی عمران کو وزیر اعظم بنوایا تھا۔تاہم اب جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ اگر میری بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو اس سے معذارت خواہ ہوں،خاص طور پر وزیراعظم عمران خان سے
معذرت خواہ ہوں۔قومی ٹیم انگلینڈ میں کارگردگی پر ناراض تھا۔اس لیے بات کر گیا۔عمران خان اور پاکستان کرکٹ پرستاروں کی بڑی عزت کرتا ہوں۔واضح رہے کہ اپنے یو ٹیوب چینل پر ایک انٹرویو میں1992کے ورلڈ کپ کی ٹیم رکن جاوید میاں داد نے کہا کہ اللہ معاف کرے آپ پتہ نہیں کیا بن گئے ہیں۔لگ رہا ہے آپ خدا بنے بیٹھے ہو۔آپ کے علاوہ کوئی پاکستانی آکسفورڈ اور کیمرج گیا ہی نہیں ہے۔ جن لوگوں کو پی سی بی میں لائے ہیں ان کے بارے میں سوچو کہ کون کھا تا ہے اور کون نہیں،عمران خان کو ملک کا خیال ہی نہیں ہے۔ انہوں نے احسان مانی کا نام لئے بغیر کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ اس نے آپ کی کیا مدد کی تھی۔آپ میرے گھر آکر وزیر اعظم بن کر گئے تھے۔وزیر اعظم اس کی تردید کرکے دکھائیں۔میرے دوست اب مجھے طعنے دیتے ہیں۔مجھے نہ آپ سے ملنے کی ضرورت ہے اور نہ آپ کے پاس آنے کی ضرورت ہے۔میں سب کو کہتا ہوں کہ پاکستانی بن کر رہو۔سرفراز احمد کے ساتھ سلوک درست نہیں ہے۔ کراچی اور لاہور کی کرکٹ میں دوبارہ باتیں ہورہی ہیں یہ نقصان دہ چیز ہے۔جاوید میاں داد نے کہا کہ میں پاکستان آرمی کا شکر گزار ہوں جس نے ملک کو متحد رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان روز گار دے نہیں سکتے کھلاڑیوں کو بے روز گار کردیا ہے۔کھلاڑی مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔جیو اور جینے دو،پاکستانیوں اور پاکستان کو فروغ دے۔میری بات پوری دنیا میں سنی جاتی ہے۔