سعودی عرب نے فلائٹس آپریشن پر عائد پابندی کی مدت میں اضافہ کردیا

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے گزشتہ رات ہنگامی طور پرتمام انٹرنیشنل فلائٹس پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر کا زمینی اور فضائی رابطہ دنیا بھر سے منقطع کر دیا گیا ہے۔اس فیصلے سے ہزاروں پاکستانی بھی متاثر ہوں گے جو سعودی عرب فوری طور پر واپسی کے منتظر تھے۔ جبکہ عمرہ پر جانے کے خواہشمند پاکستانی بھی متاثر ہوں گے۔کیونکہ انٹرنیشنل فلائیٹس پر پابندی کا اطلاق دیگر ممالک سے آنے والے تارکین اور عمرہ زائرین کی پروازوں پر بھی ہو گا۔ سعودی میڈیا کے مطابق فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، اور اسکی وجہ برطانیہ اور یورپ

میں کرونا وائرس کی پہلے سے زیادہ خطرناک اقسام کی دریافت ہے تاہم اس وقت جو پروازیں مملکت میں موجود ہیں انہیں واپس جانے کی اجازت ہو گی۔حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف پروازیں ہی نہیں بلکہ بندرگاہیں اور زمینی راستوں سے لوگوں کے سعودی عرب داخل ہونے پر ایک ہفتے کی پابندی رہے گی۔ البتہ کچھ پروازوں کو خصوصی حالات میں اُڑان بھرنے اور سعودی عرب آنے کی اجازت ہو گی۔ 8 دسمبر کے بعد جو لوگ بھی یورپی ممالک سے سعودی عرب آ رہے ہیں یا دیگر ایسے ممالک سے آ رہے ہیں جہاں پر کورونا کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے انہیں سعودیہ پہنچنے کے بعد دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ان افراد کو خود کو آئسولیشن میں رکھنے کے دوران کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی ہو گا اور ہر پانچویں روز یہ ٹیسٹ دوبارہ کروانا ہو گا۔ اسی طرح وہ افراد جو پچھلے تین ماہ کے دوران کسی یورپی ملک یا کورونا ہائی رسک ملک سے ہو کر سعودی عرب پہنچے ہیں ، چاہے ان کا ٹرانزٹ ویزہ پر ہی ان ممالک میں قیام رہا ہو، انہیں بھی کورونا ٹیسٹ سے گزرنا پڑے گا۔ حکام نے بتایا ہے کہ جن ممالک میں کورونا وائرس کی نئی شکل سامنے آئی ہے، وہاں سے کھانے پینے کی چیزیں اور دیگر اشیاء بھی منگوانے پر ممانعت ہو گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ فضائی سفر پر پابندی کی مُدت میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے،یہ ساری صورت حال کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے مشروط ہو گی۔دوسری جانب سعودی حکام نے کورونا وائرس کے باعث تمام بین الاقوامی پروازوں پر ایک ہفتے کی پابندی لگا دی، جس کے

باعث پی آئی اے کی جدہ جانیوالی پروازیں منسوخ کر دیں گئیں۔پی آئی اے نے سعودی حکام کی ہدایات کی روشنی میں آج تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔ پی کے 9739 اور 9760 ملتان جدہ لاہور منسوخ کر دی گئی۔ پی آئی اے کی لاہور جدہ لاہور، اسلام آباد دمام اسلام آباد، لاہور دمام لاہور، کراچی مدینہ اور مدینہ کراچی بھی منسوخ کر دی۔ لاہور تا مدینہ، مدینہ تا کراچی، مدنیہ تا ملتان، مدینہ تا ملتان اور کراچی جدہ کراچی بھی منسوخ ہو گئی۔ترجمان کے مطابق جب تک پروازوں کے اجازت نامہ دوبارہ حاصل نہیں ہوتا، پروازیں منسوخ رہیں گی، تمام متاثرہ مسافروں کو پروازیں بحال ہوتے ہی پروازوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا، تمام مسافروں سے اپیل ہے کہ اپنے درست فون نمبرز پر کال سنٹر کے ذریعہ اندراج کروائیں تاکہ ان کو بروقت معلومات مہیا کی جاسکیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button