سعودی عرب نے پاکستانی اداکارہ کو مستقل رہائش دیدی

ریاض(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کی جانب سے گزشتہ سال مستقل اقامہ کی سکیم متعارف کرائی گئی تھی جسے حاصل کرنے والے غیر ملکی 99 برس تک سعودی عرب میں مقیم رہ سکتے ہیں ۔ انہیں یہاں کاروبار کرنے کی بھی سہولت ہو گی اور وہ جب چاہیں مملکت سے باہر چلے جائیں اور جب مرضی ہو، واپس آ سکتے ہیں۔ اس اسکیم سے اب تک ہزاروں غیر ملکیوں نے فائدہ اُٹھا لیا ہے۔پاکستان سے تعلق رکھنے والی اداکارہ زارا البلوشی نے بھی سعودی عرب کی مستقل رہائش حاصل کر لی ہے۔ زارا البلوشی جو پاکستان میں کم مگر سعودیہ میں زیادہ مشہور ہیں، جس کی وجہ ان کی کئی سعودی ڈراموں میں جاندار اداکاری ہے۔

زارا البلوشی نے 8 لاکھ سعودی ریال ادا کر کے سعودی عرب کی تاحیات رہائش حاصل کر لی ہے۔یہ رقم پاکستانی کرنسی میں ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔زارا البلوشی سعودی عرب میں ہی پاکستانی والدین کے ہاں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے ساری عمر سعودیہ میں ہی گزار دی۔ سعودی زبان پر مہارت کی وجہ سے وہ کئی سعودی ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔39 سالہ زارا نے سعودی عرب کی مستقل رہائش حاصل کرنے پر بہت خوشی کا اظہار کیا ہے۔ زارا کا کہنا ہے کہ وہ اب سعودی مملکت میں اپنے قیام کے حوالے سے بے فکر ہو کر رہ سکتی ہیں اور اپنے شوبز کیریئر کو بھی آگے بڑھا سکتی ہیں۔زارا نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا”میں سعودی حکام کے مجھ پر اعتماد اور مستقل رہائشی اقامہ عطا کرنے پر ان کا بہت شکریہ ادا کرتی ہوں۔ میری خوشی بیان سے باہر ہے۔ سعودیہ میں ہی رہنا اور یہیں سرمایہ کاری کرنا ایک شاندار بات ہے۔ میں اسی سرزمین پر جینا اور مرنا چاہتی ہوں۔“واضح رہے کہ سعودی حکومت نے مملکت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مستقل اقامہ کی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔جو لوگ اکٹھی 8 لاکھ سعودی ریال کی رقم ادا کر دیں انہیں مملکت میں اہل خانہ سمیت 99 سال قیام کی اجازت مل جاتی ہے، جبکہ ایک اور اسکیم کے تحت بھی سعودی عرب میں لمبے عرصے تک رہائش اختیار کی جاسکتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت سالانہ ایک لاکھ ریال ادا کرنا ہوتے ہیں۔ سال کی مُدت پوری ہونے پر اقامے کی مُدت میں مزید ایک سال کے اضافے کے لیے دوبارہ ایک لاکھ ریال ادا کرنے پڑتے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button