داڑھی نہ کٹوانے کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کردیاگیا، سابق کرکٹر

لاہور(نیوز ڈیسک)سابق ٹیسٹ کرکٹر شبیر احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مشکوک بائولنگ ايکشن کی وجہ سے نہيں بلکہ داڑھی رکھنے کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کیا گیا۔ ایک انٹرویومیں 44 سالہ سابق ٹیسٹ فاسٹ بائولر شبیر احمد نے بتایا کہ 2007ء میں اس وقت کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے افسر نے انھیں بلا کر کہا تھا کہ اگر داڑھی صاف نہیں کی تو مزید بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل سکو گے۔شبير احمد نے بتایا کہ انھوں نے اس افسر کو جواب دیا تھا کہ سنت رسولﷺ کے اوپر کرکٹ قربان کردوں گا۔ شبیر احمد کا کہنا تھا کہ اس وقت تک آئی سی سی کی جانب سے ان کا بائولنگ ایکشن بھی کلیئر کیا جاچکا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت آسٹریليا کے ڈيرل فوسٹر نے انہیں کہا تھا کہ آسٹریلیا آکر کرکٹ کھیل لو تاہم انھوں نے ڈيرل فوسٹر کی پيشکش ٹھکرا دی تھی۔

واضح رہےکہ شبیر احمد نے 2003ء سے 2005ء کے دوران پاکستان کے لیے 10 ٹیسٹ میچز میں 23.03 کی اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 1999ء سے 2005ء کے دوران 32 ون ڈے میچز میں 36.12 کی اوسط سے 33 شکار کیے۔ شبیر احمد نے 1999ء میں بین الاقوامی کرکٹ کی ابتدا کی تھی لیکن پہلے ہی ٹورنامنٹ میں ان کے بولنگ ایکشن پر اعتراض سامنے آ گیا تھا جس کے نتیجے میں انہیں آخری لمحات میں آسٹریلیا جانے والی پاکستانی ٹیم سے دستبردار کرا لیا گیا تھا۔ اس دوران ویسٹ انڈیز کے شہرہ آفاق فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ نے ان کے بولنگ ایکشن پر اٹھائے گئے اعتراضات دور کرنے کی کوشش کی۔ شبیر احمد جون 2000 میں پاکستان ٹیم میں واپس آئے لیکن ان کی صحیح معنوں میں واپسی 2004ء میں ہوئی اور انہوں نے بڑی عمدہ بولنگ کی ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button