بلاول بھٹو کی شہباز شریف سے جیل میں ہونیوالی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہور (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں اپوزیشن کو ایک بار پھر بات چیت کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی ، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی والدہ کی وفات پر ان سے تعزیت کی۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کے صدر سے پوچھا کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہونے ہونے کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ اس کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا

کہ اپوزیشن اپنے اراکین سے استعفے ضرور لے لیکن انہیں استعمال کرنے کا ابھی مناسب وقت نہیں ہے کیوں کہ میری ذاتی رائے میں استعفوں کا استعمال آخری کارڈ ہونا چاہیئے ، میری اطلاع کے مطابق نوازشریف بھی سندھ اسمبلی کی تحلیل نہیں چاہتے۔اس سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے وفد کے ہمراہ کوٹ لکھپت جیل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف سے ملاقات کر کے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال ، پی ڈی ایم کی جانب سے وزیر اعظم کو مستعفی ہونے کے لئے دی گئی 31جنوری کی ڈیڈ لائن کے علاوہ یکم فروری کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے اعلان اور آئندہ کی حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا ، بلاول بھٹو نے شہباز شریف کو لاہور جلسے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت کے دور میں عوام کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ،ملک اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا شکار ہے اور ان گھمبیر مسائل کے حل کیلئے پی ڈی ایم کی تحریک کا منطقی انجام تک پہنچنا نا گزیر ہے ، ملاقات میں راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button