ہشاش بشاش نواز شریف کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف اس وقت لندن میں مقیم ہیں۔ لندن سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی نئی تصاویر سامنے آئیں جن میں انہیں ایک پیزا پارلر پر دیکھا گیا۔ نواز شریف ان تصاویر میں کافی توانا نظر آ رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اور مریم نواز سمیت پوری مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اس حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نواز شریف کو ڈاکٹرز نے پیزا تجویز کیا۔ اور وہ انتہائی تشویشناک حالت میں ملک

کی خاطر اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ایک لندن کے مال پہنچ گئے۔ڈاکٹرز نے انہیں احتساب سے پرہیز بتائی ہے۔اور عمران خان کی حکومت تک پاکستان نہ جانے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ ساتھ ہی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نواز شریف کی تازہ تصاویر بھی شئیر کیں۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کی غرض سے لندن گئے تھے لیکن لندن سے ان کی کئی مرتبہ تصاویر آئیں جن میں انہیں تندرست و توانا دیکھا گیا۔ اس ضمن میں سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ نواز شریف مقدمات کا سامنا کرنے سے گھبرا گئے تھے جس کے لیے انہوں نے راہ فرار اختیار کی اور لندن جا بیٹھے ۔یاد رہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو سات سال قید، دس سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے پر فائز ہونے پر پابندی، ان کے نام تمام جائیداد ضبط کرنے اور تقریباً پونے چار ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ نوازشریف نے اپنی سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور یہ استدعا کی کہ اپیل پر فیصلہ ہونے تک طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کیا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں وزیر اعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی سزا آٹھ ہفتوں کے لیے معطل کی تھی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیریہ ریفرنس میں عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے سرنڈر کرنے کے حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کی۔ سابق وزیراعظم نے مؤقف اپنایا کہ عدالت پیشی کا حکم ختم کرکے نمائندے کے ذریعے اپیل میں پیش ہونے کا موقع دے۔ جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button