فیصل بینک اور سٹیزن فاؤنڈیشن میں فنانشنل لٹریسی کے فروغ کیلئے اشتراک
اسلام آباد: ملک کے معروف اسلامی بینک فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے دی سٹیزن فاؤنڈیشن (ٹی سی ایف) سے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے ہیں، جس کا مقصد پاکستان بھر میں ٹی سی ایف طلباء میں مالیاتی خواندگی (فنانشنل لٹریسی) کو فروغ دینا ہے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب ایف بی ایل ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں ٹی سی ایف کے نائب صدر برائے ترقیات اسفندیار عنایت اور ایف بی ایل میں کارپوریٹ افیئرز کی سربراہ فرح عاصم نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
اس شراکت داری کا مقصد طلباء کو ضروری مالیاتی معلومات اور مہارتوں کے ساتھ بااختیار بنانا اور فیصل بینک کے ملازمین کو ملک بھر میں رضاکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ٹی سی ایف کے تعلیمی اقدامات میں براہِ راست تعاون کے ذریعے ایف بی ایل خدمات فراہم کرنے والی کمیونیٹیز پر دیرپا مثبت اثرات مرتب کرنے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز ایف بی ایل فرح عاصم نے کہا ٹی سی ایف کے ساتھ یہ شراکت داری اگلی نسل کو سوچ سمجھ کر مالیاتی فیصلے کرنے کے علم کے ساتھ بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو ہماری بنیادی قدر، خاص طور پر کمیونٹی کے مفادات کا خیال رکھنے کے اصول کے عین مطابق ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے فنانشل لٹریسی کے شعبے میں موثر انداز میں کام کرنے کی راہ ہموار کی ہے، اس پیش رفت میں حصہ ڈالنا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ہم مثبت اور دیرپا اثر ات مرتب کررہے ہیں اور اُن کمیونیٹیز تک رسائی حاصل کررہے ہیں، جن کی انہیں زیادہ ضرورت ہے۔
ٹی سی ایف وائس پریزیڈنٹ آف ڈویلپمنٹ اسفندیار عنایت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا فنانشنل لٹریسی کو فروغ دینے کے لیے فیصل بینک سے اشتراک ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ مالیاتی خواندگی نوجوانوں کے لیے اہم مہارت ہے۔ اس تعاون کے ذریعے طلباء وہ علم حاصل کریں گے، جس کی انہیں مستقبل میں کامیابی کے لیے ضرورت ہوگی۔
اس مشترکہ کاوش کے ذریعے فیصل بینک اور سٹیزن فاؤنڈیشن نوجوانوں کو عملی مالیاتی علم کے ذریعے بااختیار بنانا چاہتے ہیں، تاکہ وہ مستقبل میں اپنے مالیاتی فیصلے ذمہ داری اور اعتماد کے ساتھ کرسکیں۔ فیصل بینک کے بارے میں فیصل بینک لمیٹڈ پاکستان کے سرکردہ اسلامی بینکوں میں سے ایک ہے، جو شرعیہ کے مطابق ریٹیل، کارپوریٹ اور انویسٹمنٹ بینکنگ مصنوعات و خدمات فراہم کرتا ہے۔ جدت اور معیار کے ساتھ ایف بی ایل اپنے صارفین کو غیرمعمولی بینکاری خدمات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔