عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی جارحیت و بربریت کو روکے، خدیجہ زرین خان
مظفر آباد(نمائندہ خصوصی)خدیجہ زرین خان فائونڈیشن کے زیر اہتمام آزاد کشمیر بھرمیں فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیںاور مظاہرےکئے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے زیڈ کے فائونڈیشن کی چیئرپرسن خدیجہ زرین خان نے فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت، بمباری اور مسلمانوں کی نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ جب اسرائیلی فورسز نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھاتے ہیں تواقوام عالم کو سانپ سونگھ جاتا ہے اور اگر فلسطینی غیور عوام اپنے حق کیلئے کوئی رد عمل دیں تو ان پر شدت پسندی کا لیبل لگا دیا جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے شروع کی جانے والی جنگ ، مسلمانوں کی نسل کشی، قبلہ اول بیت المقدس پر حملے اور جبری قبضے کی وجہ سےدنیا بھر کے مسلمانوں میں بہت غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔اس ضمن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی معنی خیز خاموشی پر بہت سی انگلیاں بلند ہو رہی ہیں۔
خدیجہ زرین خان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کےحمایت یافتہ ممالک ہوش کے ناخن لیتے ہوئے فوری طور پر اسرائیل کی حمایت سے نہ صرف باز رہیں بلکہ اسرائیل کو نا جائز قبضہ و جارحیت سے روکیں ور نہ یہ نہ ہو کہ فلسطین سے شروع ہونے والی جنگ پوری دنیا کو اپنی لپٹ میں لے لے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحددہ فوری طور پر اس جنگ بندی کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے اور اسرائیل کو فلسطین و قبلہ اول پر حملے و جبری قبضہ کرنے سے روکے۔ مظاہرین نے اقوام عالم کو خبردرار کیا کہ ظلم و بربریت کا یہ سلسلہ جاری رہا تو عا لمی دنیا میں بسنے والے ہر مسلمان کو حماس کا مجاہد بنا پڑےگااور پوری دنیا کا امن و سکون مزید تباہ ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل طاقت کے زور پر کبھی بھی دنیا کے نقشے پر نہیں ابھرسکتا اور نہ ہی رہتی دنیاں تک اسے تسلیم کیا جائے گا۔