بہت سے لوگوں نےکہا کہ روس نہ جائیں، میں نےکہا اب دورہ منسوخ کرنا نامناسب ہوگا، وزیراعظم عمران خان

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعت مسلم لیگ(ق) کو چین اور روس کے دورے پر اعتماد میں لیا، انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے کہا کہ روس نہ جائیں، میں نے کہا اب دورہ منسوخ کرنا نامناسب ہوگا، جس پرچودھری شجاعت نے کہا کہ آپ نے روس کا دورہ کرکے تاریخ رقم کی ہے، دورہ روس یقیناً ملک وقوم کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔اے آروائی کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چودھری برادران کے درمیان ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے سربراہ ق لیگ

چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دعا گو ہوں اللہ آپ کو جلد مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔چودھری شجاعت نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ ق کی قیادت کو چین اور دورہ روس پر اعتماد میں لیا، انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ کہہ رہے تھے روس نہ جائیں، میں نے کہا اب دورہ منسوخ کرنا نامناسب ہوگا۔ جس پرچودھری شجاعت نے کہا کہ آپ نے روس کا دورہ کرکے تاریخ رقم کی ہے، دورہ روس یقیناً ملک وقوم کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔چودھری شجاعت نے کہا کہ مہنگائی پر کنٹرول کریں یہ عوام مسئلہ ہے۔ جس پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمت میں کمی کی ہے اس کے اثرات نچلی سطح تک پہنچیں گے، میرا بس چلے تو میں عوام کو بہت زیادہ ریلیف دوں، مجھے عوام کے مسائل کا اندازہ ہے، معیشت کی بحالی کیلئے کل اور آج ریلیف پیکج دیا ہے، آنے والے دنوں میں مزید ریلیف پیکج دوں گا۔دنیا نیوز کے مطابق چودھری برادران نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دلایا کہ حکومت کے ساتھ ڈٹ کرکھڑے ہیں، 14سال بعد شہبازشریف کو ہمارا خیال آگیا، شہباز شریف کو کہا آپ عمران خان کو ہٹا نہ سکے تو ہم زمین میں دھنس جائیں گے، ایسی چال کا کیا فائدہ جس کی کامیابی کا کوئی چانس نہ ہو،عدم اعتماد کی باتیں افسانے ہیں،آپ کے ساتھ مل کر سیاست کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفد میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزراء فواد چودھری، خسروبختیار، حماد اظہر، رزاق داؤد

اور عامر ڈوگر و دیگر بھی تھے۔ جبکہ ملاقات میں سالک حسین، شافع حسین ودیگر ق لیگی رہنماء بھی موجود تھے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی اے آروائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل گئی، عمران خان نے چودھری برادران سے ملاقات کرکے اچھا کیا، وزیراعظم آج ملاقات کیلئے نہ جاتے تو افواہیں جنم لیتیں۔اپوزیشن میں ڈیڈلاک پڑ چکا ہے، کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آئے گی، حکومتی ممبران پورے ہیں کوئی ممبر کہیں نہیں جارہا ، اپوزیشن اپنے لوگوں کو دیکھے کہیں وہ ہمیں سپورٹ نہ کردیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاسی موت خود مرچکی ہے، اس وقت اپوزیشن کی پوزیشن خراب جبکہ عمران خان کی پوزیشن بہتر ہے۔ یاد رہے وزیراعظم عمرا ن خان آج لاہور کا دورہ کررہے ہیں، وزیراعظم لاہور میں موجود ہونے کے باعث آج اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کی قیادت سے ملاقات کرنے ان کے گھر گئے، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button