حکومتی اتحادیوں کا وزیراعظم عمران خان کی مکمل حمایت کا اعلان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) حکومتی اتحادیوں نے وزیراعظم عمران خان کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے، اتحادیوں نے یقین دہانی کروائی کہ وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دیں گے، عمران خان نے کہا کہ اتحادی جماعتیں حکومت کا حصہ ہیں، تمام تحفظات دور کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اور حکومتی اتحادیوں کا اجلاس ہوا، جس میں سینیٹ الیکشن میں شکست اور اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم سے مسلم لیگ ق اور ایم کیوایم کے وفد نے بھی ملاقات کی ۔ ایم کیوایم کے وفد نے یقین دہانی کروائی کہ اتحادی تھے اور رہیں گے، حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں ہر صورت وزیر اعظم کا ساتھ دیں گے،یقین ہے عمران خان خود کرپشن کرتے ہیں اور نہ ہی اس کو پسند کرتے ہیں، ہماری کوئی ڈیمانڈ نہیں ، کراچی اور سندھ سے متعلق ہر مشاورت میں شامل کیا جائے۔
اسی طرح مسلم لیگ ق کے وفد سے گفتگو میں وزیر اعظم نے کہا کہ اتحادیوں سے کیے تمام وعدے پورے کریں گے۔ ق لیگی وفد نے کہا کہ حفیظ شیخ کو ووٹ دیا وزیراعظم کو بھی ووٹ دیں گے۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں دوسری بار کوئی وزیر اعظم ایوان سے اعتماد کا ووٹ لے رہا ہے، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے سپریم کورٹ سے حکومت کی بحالی کے بعد 27 مئی 1993 کو ایوان سے رجوع کیا اور انہیں 200 کے ایوان سے 123ووٹ ملے تھے ۔
بی بی سی کے مطابق 1993ء میں اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان نے نواز شریف کی حکومت کو برطرف کیا تھا تاہم عدالت عظمیٰ نے حکومت کو بحال کردیا تھا اور اگلے روز نواز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیاتھا ۔ یہ کارروائی قومی اسمبلی کے ضابطہ 285 کے تحت ہوئی تھی جس میں ہاتھ کھڑے کر کے اعتماد کا ووٹ دیا گیا۔نواز شریف کو 200 کے ایوان سے 123ووٹ ملے تھے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آئین کی دفعہ 91 شق 7 کے تحت اعتماد کا ووٹ لے رہے ہیں، اگر وزیر اعظم کامیاب ہوتے ہیں تو پھر چھ ماہ تک کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آسکتی۔ اگر حکومت 175کے تحت قرارداد لاتی تو پھر کوئی چیز ہونا تھی لیکن آئین کی دفعہ91 شق 7 کے تحت وزیر اعظم کی کامیابی کی صورت میں چھ ماہ تک کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آسکے گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button