صدر مملکت نے کہہ دیا وزیراعظم عمران خان اکثریت کھوچکے ہیں، مریم نواز

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے کہہ دیا وزیراعظم عمران خان اکثریت کھوچکے ہیں، صدر مملکت کی سمری کو پبلک کیا جائے،آئین کی شق 91کے جز7کے تحت عمران خان مستعفی ہوجائیں، اس وقت کوئی وزیر اعظم نہیں ہے، ارکان نے عدم اعتماد کردیاہے، اب کس منہ سے اعتما د کا ووٹ لو گے؟انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں بھاری اکثریت سے جیتے گی، مسلم لیگ ن کو پرانی جماعت نہ سمجھا جائے جو چپ کر جبر ظلم برداشت کرے گی، مسلم لیگ ن کا کلچر تبدیل ہوگیا ہے، اگر ہمارے الیکشن پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی تو پھر وہ ڈسکہ والا ہاتھ ہوگا، اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ کو گلگت بلتستان کی طرح چرانے کی بات کی تو بہت برا حال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے سمری میں لکھا کہ وزیراعظم اکثریت کھو چکے ہیں، اس کو پبلک کیا جائے، تاکہ عوام دیکھیں یہ تقریروں میں کیا بات کرتے ہیں ، اور بعد میں کیا بات کرتے ہیں۔قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کی شق 91کے جز7کے تحت بلایا گیا ہے، شق میں درج ہے وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھوچکے ،اب وہ اعتماد کا ووٹ لیں۔قوم کو جو بات ضمنی انتخابات میں سمجھ آئی صدر مملکت کو وہ بات کل سمجھ آئی ہے، مسلم لیگ ن نے ابھی تک دھونس جبر دھاندلی کا مقابلہ کیا ہے۔
2018ء کے الیکشن کو قبول نہیں کیا، آج تک نہیں مانا، وہ سلیکٹڈ تھا ، سلیکٹڈ کے نام سے یاد رہے گا، 2018ء کے الیکشن کااحتساب ڈسکہ کے عوام نے خود کردیا ہے۔سینیٹ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ نے کام دکھایا، جن لوگوں نے ووٹ دینے کی آمادگی ظاہر کی انہوں نے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ مانگا، لیکن مسلم لیگ بہت بڑی جماعت ہے، ہمارے اپنے بڑے امیدوار ہیں، میرا کہنے کا مقصد یہ تھا کہ مسلم لیگ ن کو ایسی جماعت نہ سمجھے کہ مسلم لیگ ن ختم ہوگئی ہے۔
پی ٹی آئی کے بہت سارے ایم این ایزاور ایم پی ایز رابطے میں ہیں، اس بات کا مجھے خود علم ہے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے بارے میں بیان دے کر عمران خان نے توہین کردی ہے، باقی اداروں کو جس طرح سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں، عمرا ن خان جب ناکام ہوگئے ہیں، تو وہ اگلے روز صبح اداروں کے سربراہان کو بلاکر ان سے میٹنگ کرتے ہیں، ان کو سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں، میں اداروں کے سربراہان کو کہنا چاہتی ہوں آپ کو عمران خان کے ساتھ بیٹھا ہوا نظر نہیں آنا چاہیے۔
عمران خان اپنے ممبران کا اعتماد کھوچکے ہیں۔عمران خان الزام لگارہے ہیں ہمارے ممبران بک گئے ہیں، اگر بک گئے تو کس منہ سے کل اعتماد کا ووٹ لیں گے؟فیصلہ ہوگیا ہے آپ پر عدم اعتماد ہوگیا ہے، آئین قانون کہتا ہے آپ پر عدم اعتماد ہوگیاہے آپ مستعفی ہوجائیں۔آپ کو مستعفی ہونا چاہیے ملک میں کوئی وزیر اعظم نہیں ہے۔اگر کل ووٹرز نے مجبوری میں ووٹ دے بھی دیا تو لولی لنگڑی حکومت کا کیا فائدہ ہوگا؟

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button