بھارتی عالمی دہشت گردی بے نقاب !
یہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کا عالم ہے کہ اب وہ خود سے ہزاروں میل دور واقع ممالک میں موجود ایسے افراد کو بھی نشانہ بنارہا ہے، جو کہ سیاسی اعتبار سے بھارتی سرکار کے نظریات سے متفق نہیں ہیں،دنیا کے کئی ممالک میں ہونے والے بہت سے ایسے پراسرار واقعات ہوئے ہیںکہ جن کے پیچھے بھارتی خفیہ ادارے ملوث نظر آتے ہیں، پاکستان عر صہ دراز سے کہہ رہا ہے کہ بھارتی ایجنسیاں دیگر ممالک کے علاوہ یہاں پر بھی پراکسی وار کر رہی ہیں اور کئی خوفناک واقعات کر وا چکی ہیں، لیکن اس پر کوئی کان دھر نے کیلئے تیار ہی نہیں تھا ،تاہم کینیڈا میں ہردیپ سنگھ کے قتل کے واقعہ کے بعد ایسا لگ رہاہے کہ مغربی دنیا بھی کان دھرنے پر مجبور ہوگئی ہے، ہردیپ سنگھ کے قتل نے کینڈین حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ان کی تفتیش وتحقیق میں سے سامنے آرہا ہے کہ اس میں بھارتی ایجنسی را مکمل طور پر ملوث ہے۔
بھارت میں جب سے مودی حکومت آئی ہے ،اس نے اپنے اقتدار کو دوام دینے کے لیے جس طرح انتہا پسند ہندو توا سے کام لیا ،اقلیتوں کو تشدد کا نشانہ بنایااوربیرون ملک را کو استعمال کیا جارہا ہے ، اس کاکینیڈین حکومت کے حالیہ انکشاف نے سارا پول ہی کھول دیاہے،اس حوالے سے سکھ فار جسٹس کے رہنما پتونت سنگھ پنوں کا کہنا ہے کہ ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میںبھارت کے ملوث ہونے کا ہمارا دعویٰ سچ ثابت ہوا اور بھارتی انٹیلی جنس کے قتل میں ملوث ہونے کی ساری سازش دنیا بھر میں بے نقاب ہوگئی ہے،بھارتی حکومت اپنے چھوٹے بیانات سے اپنا اصل چہرہ چھپانے کی جتنی مرضی کوشش کرے، بھارت کا اصل چہرا دنیا کے سامنے آگیا ہے۔
بھارت کا اصل چہرہ سامنے آنے پر کینیڈا اور بھارت کے باہمی تعلقات میں خاصی کشیدگی آگئی ہے ،کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو چند روز قبل جی ٹوئنٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے بھارت ضرور آئے ،لیکن ا س دورے میں بھی کشیدگی برقرار رہی ہے ، کینیڈین وزیراعظم جی ٹوئنٹی اجلاس میں ہردیپ سنگھ کے قتل کا معاملہ تو نہ اُٹھا سکے ،البتہ اجلاس کے اختتام پر نریندرمودی سے جلد ہاتھ چھڑاتے ہوئے خصت ہوگئے اور واپس جا کر باقاعدہ طور پر نہ صرف بھارتی سفارت کار کوملک سے باہر نکال دیا ،بلکہ باضابطہ الزام بھی لگا دیاکہ ان کے ایک شہری کو ایسے نشانہ بنانا، ان کی خودمختاری اوران کے وقار پر گہراوار ہے، اس کا وار کابھرپور جواب دیا جائے گا ۔
بے شک دنیا بھر میں بھارت کی لابی بڑی مضبوط اور طاقتور ہے، لیکن کینیڈا کے مقابل بھارت کی لابی انتہائی کمزور دکھائی دیے رہی ہے ، امریکہ ، برطانیہ کے ساتھ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے بھی ہردیپ سنگھ نجر کیس میں کینیڈاکی جانب سے تحقیقات کی مطالبے کی حمایت کر دی ہے،مغربی ممالک کا انٹیلی جنس اتحاد بھارت کے مقابلے میں ایک ہی پلیٹ فارم پر آگیا ہے ،یہ سب کچھ بہت اہم اور غیر معمولی ہے،جبکہ بھارت بالکل بیک فٹ پر دکھائی دیے رہا ہے ،ایک طرف مغربی ممالک کی قیادت کے بیانات بھارت کیلئے پر یشان کن ہیں تو دوسری جانب ان ممالک میں جو کچھ چھپ رہا ہے اور جو کچھ کہا جارہا ہے ،وہ بھارتی حکومت کیلئے تباہ کن ہے۔
اس میں کوئی دورائے نہیں کہ بھارت کو پہلی بار مغربی دنیا کی سخت مخالفت کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ،جبکہ اس معاملے پر پا کستان مطمئن ہے کہ جو باتیں عرصہ دراز سے کہتے آرہے ہیں اور مغربی دنیا اسے قبول کرنے میں تامل کا شکار تھی، اب خود جب ان کے اپنے اندر تک بھارتی دہشتگردی اور جارحانہ و آمرانہ طرزعمل کا اثر پڑا ہے تویہ مغربی دنیا کے لئے کبھی قابل قبول نہیں ہو گا کہ بھارتی خفیہ ایجنٹ وہاں آکر آزادانہ کارروائی کریں اور اپنے سکور سیٹل کرتے رہیں ، بھارت کی عالمی دہشت گردی بے نقاب ہو نے پر ہی مغربی دنیا کا مشترکہ رد عمل دکھائی دیے رہا ہے ، بھارت کے در اندازانہ اقدامات کااقوامِ متحدہ سمیت تمام اہم اداروں کوبھی نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کے مذموم عزائم پر مشترکہ قابو پانے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ معاملات کو مزید بگڑنے سے روکا جاسکے،اگر اس بار بھی عالمی دنیا کے مفادات اور مصلحتیں آڑے آئیں تو پھر دنیا ئے عالم کو بھارتی دہشت گردی سے بچانا مشکل ہی نہیں ،ناممکن ہو جائے گا۔