ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی کی تقریبات

پاکستان بھر کی طرح ضلع اوکاڑہ میں ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی کی تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے کیلئے تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارات کو ، سبز ہلال پرچموں، رنگ برنگی جھنڈیوں، جھنڈوں، تحریک پاکستان کے ہیروز کی تصاویر اور فلیکس سے خوبصورتی سے سجا یا گیا ,اس موقع پر اس عزم کا عہد کیا گیا کہ جس طرح 1947 میں پوری قوم کو ایک ملک کی ضرورت تھی اسی طرح اب ملک کو ایک قوم کی ضرورت ہے وطن عزیزپاکستان کو جنت نظیر خطہ بنانے کیلئے کسی بھی قسم کے امتیاز، رنگ و نسل، عہدے و مرتبے، بڑے چھوٹے، امیر غریب کی تفریق سے بالا تر ہو کر پوری ملت کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر یہ ثابت کر یں گے کہ ان کے دکھ سکھ سانجھے اور وہ کسی بھی قدرتی آفت، آزمائش،مشکل کی گھڑی میں ثابت قدم رہیں گے، تین سال قبل بھارت نے اپنے آئین میں آرٹیکل 370اور اس کی ذیلی شق 35اے میں ترمیم کردی تھی جس سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت متاثر ہوئی، پاکستان کے یومِ آزادی کوکشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر بھی منایا گیا ،ضلع اوکاڑہ میں جشن آزادی کی پروقار مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر دفتر کے لان میں منعقد ہوئی ،صبح 8:58 پرسائرن بجایا گیا اس موقع پر ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی گئی جس کا مقصد تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدو جہد میں جام شہادت نوش کرنے والے بزرگوں، بھائیوں سمیت غازیوں اور جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا تھا۔
سانچ کے قارئین کرام !یکم اگست سے شہر کی مختلف دکانوں سمیت جگہ جگہ اسٹال لگ گئے تھے جہاں پر سبز ہلالی پرچموں،بیجز،اسٹیکرز اور قومی پرچم کی بنی ہوئی ٹوپیوں کی فروخت نمایاںرہی ، بچوں سمیت بڑوں کے پرچم کے رنگوں پر مشتمل لباس کی فروخت کا سلسلہ بھی جاری رہا ، البتہ پہلی بار یہ بھی دیکھنے کو ملا کہ ٹک ٹاک ، سنیک وڈیواور دیگر سوشل میڈیا پر تو نوجوانوں کی جانب سے جشن آزادی کے حوالہ سے میوزک کی دھن پر وڈیو تصاویرشیئر ہوتی رہیں لیکن گھروں ، غیر سرکاری عمارتوں ، دوکانوں ، سڑکوں کے اطراف جھنڈیاں ، برقی قمقموں سے سجاوٹ کم رہی ، سرکاری عمارتوں ڈپٹی کمشنر آفس، ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال سائوتھ سٹی ، اوکاڑہ یونیورسٹی ، ریسکیو 1122 مرکزی دفتر ،ضلع کونسل دفتر، تحصیل اور میونسپل کمیٹیوں کی عمارتوں پربرقی قمقوں سے سجاوٹ نظر آئی ، ضلع بھر میں 14 اگست کی صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد پاکستان میں امن و سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا ،جشن آزادی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس کے لان میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ تھے، تقریب کا آغاز ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید احمد عثمانی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، کمپیئر پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول 34جی ڈی عابد حسین نے جشن آزادی کے موقع پر تقریب میں شریک سرکاری ، سماجی ،سیاسی ، مذہبی شخصیات ، وکلاء ، اساتذہ ، طالب علموں ، صحافیوں ،تاجروں کے نمائندوں کو 75ویں جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی، بعد ازاں ایک منٹ کے لیے سائرن بجایا گیا ، قومی ترانہ کے بعد ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے سیاسی ،سماجی ، مذہبی شخصیات اورسرکاری افسران کے ہمراہ پرچم کشائی کی،سکاؤٹس ،ایلیٹ فورس ،پولیس اور ریسکیو 1122 کے چاک چوبند دستے نے سلامی پیش کی ، ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ اور مہمانان نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائیں بعد ازاں ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو حسنین خالد سنپال ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین ،اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ ملک راشد نعمت کھوکھر ،ڈی ایس پی اظہر عباس گِل، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چودھری امجد پرویز ، جنرل سیکرٹری ضمیر حیدر منگن ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق احمد خاں ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اختر حسین اور دیگر ضلعی اداروں کے سرکاری افسران نے ڈپٹی کمشنر آفس کے لان میں پودے لگائے، ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے بچوںمیں پودے تقسیم کئے اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مشتاق حسین چغتائی، ایس ڈی او فارسٹ افتخار حسین جنجوعہ، ڈسٹرکٹ پبلک سکولز اینڈ کالج کے اساتذہ اور طلبہ سمیت صحافی بھی موجود تھے ،بعد ازاں ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور جشن آزادی کے موقع پر ہسپتال میں داخل مریضوں اور ان کے لواحقین میں مٹھائی بھی تقسیم کی ،گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول میں ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی کی تقریب کی مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کی مسز چودھری سلیم صادق تھیں ، طالبات اور گرلز گائیڈنے ملی نغمے پیش کیے۔
ڈائمند جوبلی جشن آزادی کے موقع پر طالبات کے درمیان اردو انگریزی تقاریر ، پینٹنگ،قرات ، کوئز،مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کیے گئے، جس میں کامیاب ہونے والی طالبات کو انعامات اور سرٹیفکیٹس دیے گئے، بعد ازاں مسز چودھری سلیم صادق نے پرنسپل سکول ہذا نصرت پروین،سینئر مسز مجیبہ فضیلت،مسز حمیر احمید،مس نیر سلطانہ،مس جمیلہ مقبول اور طالبات کے ہمراہ کیک کاٹا، اور کامیاب پروگرام کرنے پر اساتذہ کو مبارک باد پیش کی ،قبل ازیں سینئر ٹیچر مس نیر سلطانہ کی زیر قیادت گرلز گائیڈ کے دستے نے مہمانان کو سلامی پیش کی ،اوکاڑہ یونیورسٹی میں پاکستان کے پچھترہویں جشن آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ تقریبا ت منعقد کی گئیں،تقریبات کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا، تقریب پرچم کشائی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجدنے اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد ضیااللہ اور سنڈیکیٹ کے ممبران مظہر حسین ساہی اور ڈاکٹر زعیم الدین عابد لکھوی کے ہمرا ہ شرکت کی، اس کے بعد شجر کاری اور کیک کاٹا گیا،یونیورسٹی تقریبات کے فوکل پرسن شعبہ زووالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر رانا منظور احمد تھے، تقریبات میں اساتذہ، انتظامی افسران اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، یونیورسٹی کے گارڈز کے ایک چاق و چوبند دستے نے نوبہار خان کی قیادت میں گارڈ آف آنربھی پیش کیا،سانچ کے قارئین کرام !ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی کے سلسلہ میں کوتھم کالج اوکاڑہ میں بھی پروقار تقریب کا انعقادہوا،پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے حوالہ سے کوتھم کالج اوکاڑہ میں پروقار تقریب کے مہمان خصوصی سماجی تنظیم "ماڈا” کے صدر/کالم نگار راقم الحروف ( محمد مظہررشیدچودھری) جبکہ مہمان اعزاز سابق سینئر نائب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن /معروف سوشل ورکر مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ تھیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ادارہ ہذا محمدعثمان ہادی ، محمد مظہررشید چودھری ، مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ نے کہا کہ نئی نسل کو محنت لگن اور جذبہ سے وطن کی ترقی اور اس کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے ، اگر ہم آج خود انحصاری کے حصول کیلئے پْر عزم ہو جائیں تواللہ تعالی نے ہمیں قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے، جنہیں بروئے کار لاکر قوم و ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے، تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے بعد ازاں مہمانان نے جشن آزادی کا بیس پائونڈ کا کیک کاٹا اور ملک میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button